سیاحوں کے لئے اہم پیغام
اگر آپ اپنی گاڑی میں گلگت بلتستان کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ایک بات ضرور ذہن نشین کر لیں یہ خطہ جتنا خوبصورت ہے، اس کے راستے اتنے ہی پیچیدہ اور خطرناک بھی ہیں۔ یہاں کی سڑکیں صرف ایک پیشہ ور ڈرائیور ہی بخوبی سمجھ سکتا ہے جو ان راستوں کو اپنی ہتھیلی کی لکیروں کی طرح جانتا ہو۔
اکثر سیاح تھوڑے سے پیسے بچانے کے لیے خود ڈرائیو کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں، لیکن یہ فیصلہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ ہم نے بارہا دیکھا ہے کہ ایسے فیصلوں نے قیمتی جانیں چھین لیں۔ حالیہ دنوں میں گجرات سے تعلق رکھنے والے چار نوجوانوں کا دردناک حادثہ اس کی ایک واضح مثال ہے، جن کی گاڑی حادثے کے بعد کئی دنوں تک نہیں مل سکی۔
گلگت بلتستان کے پہاڑی راستے آپ کی سوچ سے زیادہ خطرناک ہیں۔ یہاں کی بل کھاتی سڑکیں اچانک آنے والے لینڈ سلائیڈز اور گہری کھائیاں معمول کا حصہ ہیں۔ اس لیے اپنی ڈرائیونگ پر حد سے زیادہ اعتماد کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔
ہم آپ کو بھرپور مشورہ دیتے ہیں کہ کسی مقامی اور تجربہ کار ڈرائیور کی خدمات حاصل کریں۔ گلگت بلتستان لوگ مہمان نواز اور ایماندار ہیں، یہاں سیاحوں کو لوٹنے کا کوئی رواج نہیں۔ آپ کا تحفظ اور آسانی ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔
خدارا ہوشیاری اور احتیاط کو اپنا شعار بنائیں۔ شکریہ یہ سفر آپ کے لیے یادگار بنے، نہ کہ آپ کی خوشیاں غم میں بدل دے۔
مفاد عامہ کے اس اہم پیغام کو دوسروں تک پہنچائیں اور شعور پھیلائیں شکریہ
محکمہ سیاحت و ثقافت گلگت بلتستان