ہنزہ(پ ر)معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے ہنزہ کے دور افتادہ علاقے رشیت چپورسن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جشنِ بامِ جہاں پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر معاون خصوصی ایمان شاہ نے اپنے خطاب میں چپورسن کے عوام کی مہمان نوازی، حب الوطنی اور وطن سے وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں نے ہمیشہ ملک کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ حالیہ دنوں میں شہید ہونے والے نظام الدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہنزہ کا ہر فرد افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہنزہ کے پولو کھلاڑیوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ چپورسن کی تاریخی و سیاحتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابائے غندی کی زیارت اور فیسٹیول کو امسال بھرپور انداز میں منایا جائے گا، جس میں نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ ملک بھر سے سیاح شرکت کریں گے۔اس سے قبل چپورسن آمد پر علاقہ عمائدین اور عوام نے معاون خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایمان شاہ نے فائنل میچ کا افتتاح گیند پھینک کر کیا۔ شائقین کی بڑی تعداد نے میچ سے بھرپور لطف اٹھایا، جبکہ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اختتام پر جیتنے اور ہارنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر علاقے کے عمائدین نے معاون خصوصی کو درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جن میں خستہ حال سڑکیں، زیر تعمیر ڈسپنسری کی تکمیل میں تاخیر، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، انٹرنیٹ سہولیات کا فقدان، آر سی سی پلوں کا غیر فعال ہونا اور صحت و تعلیم جیسے بنیادی سہولیات کا فقدان شامل ہیں۔معاون خصوصی ایمان شاہ نے یقین دہانی کروائی کہ حکومتِ گلگت بلتستان کی معاونت سے علاقے کے تمام مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ 15 دنوں میں علاقے میں رکے ہوئے تمام ترقیاتی منصوبوں پر دوبارہ کام شروع ہوگا۔علاقہ مکینوں نے معاون خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ہنزہ، چپورسن کے ترقیاتی منصوبوں پر پندرہ دنوں میں کام شروع ہوگا، ایمان شاہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
