گلگت(نامہ نگار خصوصی)وادی ہراموش میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے ترقی گلوف 2 پروجیکٹ کی جانب سے نصب کروڑوں مالیت کے ارلی وارننگ سسٹم کے قیمتی آلات چوری ہوگئے۔ چوری ہونے والے آلات میں بیٹری سنسر سمیت دیگر پرزے شامل ہیں۔ اس چوری کے حوالے سے تھانے میں برائے نام درخواست دی گئی ہے۔ درخواست میں واضح نہیں کہ درخواست گزار کون ہے جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست واٹس ایپ کے ذریعے آئی ہے اور درخواست پر کسی کا نام درج ہے اور نہ ہی کوئی رابطہ نمبر ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے اس لئے درخواست پر عملدرآمد مشکل لگ رہا ہے کیونکہ کوئی بھی ادارہ کروڑوں روپے کے نقصانات کے ازالے کے لئے فریق بننے کو تیار نہیں ہے۔ تھانے کو موصول درخواست کے مطابق گلوف 2 پروجیکٹ کے تحت ہراموش کے علاقے کھلتارو، داسو، بارچی اور جوٹیال میں نصب ارلی وارننگ سسٹم کے بیرون ملک سے درآمد کئے گئے قیمتی سامان جن میں بیٹری۔ سولر پلیٹ سمیت دیگر اشیا چوری ہوئے ہیں۔ کوئی بھی ادارہ کروڑوں روپے کے نصب آلات کو پہنچنے والے نقصانات کی ذمہ داری لینے کو تیار بھی نہیں ہے۔ اگر کروڑوں روپے کے آلات کو پہنچنے والے ذمہ داران کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تو دیگر علاقوں میں نصب کروڑوں روپے مالیت کے آلات کے چوری ہونے کا اندیشہ ہے۔ واضح رہے گلگت بلتستان میں 16 مقامات پر 200 سے زیادہ آٹومیٹک ویدر سٹیشن، واٹر لیول گیج ارلی وارننگ سٹیشن جیسے آلات نصب کئے جانے ہیں ان آلات کو نصب کرنے کا مقصد گلیشئروں کی پگھلنے کے عمل کو مانیٹر کرنا ہے اور کسی بھی صورتحال میں کمیونٹی کو بروقت محفوظ بنانا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گلوف 2 پروجیکٹ کی بروقت تکمیل نہ ہونے اور ذمہ دار اداروں کو ان آلات کی بروقت حوالگی نہیں ہونیکی وجہ سے کوئی بھی ادارہ زمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں۔
گلوف ٹوپراجیکٹ،ارلی وارننگ سسٹم کے کروڑوں کے آلات چوری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
