غذر (بیورو رپورٹ)سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے ضلع غذر کے مختلف نالوںسے مال مویشی کے چوری ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ چوروں کو گرفتار کرے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں، گاہکوچ میں ایس پی غذر عبد الصمد اور ایس ایچ او سنگل تھانہ دلبر خان سے گفتگو کرتے ہوئے نذیر ایڈووکیٹ نے کہا کہ غذر کے تمام سیزنل نالوں میں مال مویشیوں کی چوریوں کو روکا جائے اور غذر کے نالوں میں عوام کے مال مویشیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ،اس موقع پر سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ کو ایس پی غذر عبد الصمد نے امن عامہ کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی ،قبل ازیں سپیکر گلگت بلتستان سے ایگزیکٹیو انجینئر بی اینڈ آر غذر وقار احمد نے بھی ملاقات کی اور ضلع بھر میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کے حوالے سے آگاہ کیا ،سپیکر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں اقدامات مزید تیز کئے جائیں جبکہ سالانہ اے ڈی پی کی سکیموں پر ٹینڈر کرانے کیلئے بھی کارروائی تیز کی جائے تاکہ ترقیاتی سکیموں پر بروقت کام مکمل کرایا جاسکے ۔
غذرکے نالوں سے مویشی چوری کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے، نذیر ایڈووکیٹ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
