دو میگاواٹ بلے گوند پاور پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں پر تحقیقات شروع

گانچھے (محمد علی عالم)2میگاواٹ بلے گوند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراتی معاملات پر جاری تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہےں، جس کے تحت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (FIA) اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے علیحدہ علیحدہ انکوائریاں شروع کر رکھی ہیں۔تفصیلات کے مطابق، FIA کمپوزٹ آفس سکردو نے مذکورہ منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے ایک سرکاری ٹھیکیدار، مسٹر غلام علی حیدری (سی ای او، M/S حاجی روزی اینڈ سنز) کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ ان کی شکایت میں منصوبے کی ناقص تعمیر اور تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔محکمہ برقیات گانچھے کے ایگزیکٹو انجینئر کی جانب سے E.E-W&P-MISC-5(15)/2024-25/0121 کے تحت 17 فروری 2025 کو سپرنٹنڈنگ انجینئر سرکل آفس سکردو کو ایک لیٹر لکھا ہے جس میں FIA کی جانب سے طلب کردہ ریکارڈ کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں منصوبے کا مکمل پی سی ون، خریداری کے دستاویزات، تخمینہ اور فزیبلٹی کی منظوری دینے والے افسران کی تفصیلات، منصوبے کے لاگت کا تخمینہ، اور مرمت و دیکھ بھال کے اخراجات سمیت دیگر اہم ریکارڈ شامل ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلی گلگت بلتستان کی ہدایت پر ایک علیحدہ تحقیقاتی ٹیم (سی ایم آئی ٹی) بھی اسی منصوبے کی چھان بین کر رہی ہے، جو غیر مجاز اخراجات، ناقص فزیبلٹی، غلط سائٹ سلیکشن، اور سرکاری فنڈز کے ممکنہ نقصان سے متعلق معاملات کی جانچ کر رہی ہے۔یہ تحقیقاتی ٹیم پہلے ہی منصوبے کی سائٹ کا تفصیلی جائزہ لے چکی ہے اور تمام متعلقہ ریکارڈ اکٹھا کر چکی ہے۔ تاہم، ان کی حتمی رپورٹ تاحال جاری نہیں کی گئی۔ محکمے کے مطابق، داخلی اور محکمانہ تحقیقات میں کسی مالی بے ضابطگی یا فنڈز کے غلط استعمال کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ایگزیکٹو انجینئر، محکمہ برقیات گانچھے کے مطابق، FIA اور وزیر اعلی کی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے تقریبا یکساں نوعیت کی تحقیقات کیے جانے سے انتظامی پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں۔ علاوہ ازیں، بہت سے اہم ریکارڈز وزیر اعلی کی ٹیم کی تحویل میں ہیں، جس کی وجہ سے FIA کی تحقیقات میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔اس صورتحال میں، متعلقہ حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں اور تحقیقاتی عمل کو مربوط بنانے کے لئے رہنمائی فراہم کریں، تاکہ غیر ضروری تاخیر اور دہرائی سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں