پاک چین تجارت کے فروغ کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پاک چین تجارت اور سوست ڈرائی پورٹ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان کا قابل اعتماد اور دوست ملک ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک چین تجارت سے گلگت بلتستان کے بیشتر لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ یہاں پر پرائیویٹ سیکٹر کے نہ ہونے اور روزگار کے محدود وسائل ہونے کی وجہ سے زیادہ تر لوگوں کا بلوابستہ یا بلاواستہ روزگار کا انحصار پاک چین تجارت پر ہے۔ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے چھوٹے تاجروں کو رعایت دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت گلگت بلتستان کسی بھی غیر قانونی اقدام کی حمایت نہیں کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پاک چین تجارت کو فروغ دینے کیلئے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے ایک جامع پالیسی مرتب کی جائے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز سے باقاعدہ مشاورت کی جائے۔ اس موقع پر کسٹم کلکٹر اور دیگر متعلقہ آفیسران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں پاک چین تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے خصوصی پالیسی تیار کرکے متعلقہ فورم تک پہنچایا جائے گا جس میں مقامی تاجروں کو قانونی دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور سہولیات فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ محمد علی قائد، کسٹم کلکٹر، صوبائی سیکریٹری داخلہ سمیت متعلقہ اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات اور شاہراہ قراقرم کے ضروری مقامات پر ریسکیو 1122 سنٹرز کے قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان دور افتادہ اور مشکل علاقہ ہے۔ شاہراہ قراقرم اور سیاحتی مقامات پر ٹریفک حادثات اور طبی امداد کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے شاہراہ قراقرم، جگلوٹ سکردو روڈ اور گلگت شندور روڈ پر مختلف جگہوں پر اضافی ریسکیو 1122 سنٹرز قائم کرنے کیلئے پی سی ون کو جلد حتمی شکل دی جائے جسکو صوبائی حکومت کے سفارشات کے ساتھ حتمی منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ ، صوبائی سیکریٹری داخلہ ، ڈی جی ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں