متاثرین کی 3ہزار نوجوانوں کیساتھ ڈیم سائٹ پر دھرنے کی تیاری

دیامر (نمائندہ خصوصی) متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کا حقوقِ دو ڈیم بناﺅ تحریک کے دھرنے کا 25روز مکمل ہوگئے،جبکہ دوسری جانب واپڈا آفس اور ڈیم سائٹ پر تعمیراتی کمپنیوں کا کام بھی 6روز سے بند پڑا ہے۔لیکن متاثرین دیامر بھاشہ ڈیم کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر ایک فیصد بھی عملدرآمد نہ ہوسکا۔وفاقی وزارتی کمیٹی اورحکومتی عدم توجہی کے باعث ڈیم متاثرین نے 3ہزار نوجوانوں کا قافلہ لے کر ڈیم سائٹ پر دھرنے کی تیاریاں شروع کردی ہے۔سربراہ ڈیم کمیٹی مولانا حضرت اللہ نے کہا ہے کہ واپڈا نے ڈیم متاثرین کی شرافت کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور 31نکات کو مکمل نظر انداز کیئے رکھا ہے،اب وقت قریب آچکا ہے کہ حقوق کے حصول کیلئے انتہائی قدم اٹھائیں گے پھر واپڈا کو اندازہ ہوگا کہ دیامر کی عوام حقوق مانگ کر نہیں چھین کر لینا بھی جانتے ہیں۔دیامر انتظامیہ کی غیر سنجیدگی واپڈا کی ہٹ دھرمی اور وفاقی حکومت کی خاموشی کی وجہ سے ڈیم متاثرین 25 روز سے سڑکوں پر در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن کسی کو احساس نہیں ،یہ لوگ ڈیم کی تعمیر میں سنجیدہ نہیں اس لیئے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیئے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں