امن دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، وزیربرقیات

گانچھے(چیف رپورٹر)صوبائی وزیر برقیات مشتاق حسین نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام یرغمالیوں کو بحفاظت بازیاب کرایا اور 33 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔مشتاق حسین کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو ڈھال بنانے کی بزدلانہ کوشش کی، لیکن پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی حکمت عملی کے باعث کسی بھی خودکش بمبار کو حملہ کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔ “پاکستان کے دشمن کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے، قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے،” انہوں نے مزید کہا۔صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد رہیں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں