چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔ جمعہ کو کراچی میں سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ کیرئیر پورٹل اور ایپلی کیشن آئی ورک فور سندھ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں دہشتگردی کی مذمت سے اپنی تقریر کا آغاز کرنا چاہتا ہوں، سانحہ جعفر ایکسپریس قابل مذمت ہے، مسلح افواج کی شجاعت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے نہ صرف مغوی بازیاب کرائے بلکہ دہشتگردوں کا قلع قمع بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ اتنے مشکل علاقے میں آپریشن بہت مشکل لگ رہا تھا، صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مذہبی دہشت گردی ہو یا مسلح دہشتگردی سب کی مذمت کی۔، سکیورٹی فورسز نے بہت تیزی اور بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کی ترقی میرا وژن ہے، ہم نے سندھ کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے سندھ کی معیشت پرائیوٹ سیکٹر چلاتا ہے، روزگار کے مواقع عوام کو فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، آئی ٹی کے استعمال سے آئی ورک فار سندھ پورٹل بنایا ہے، اس صوبے کے نوجوان اور جاب کریئیٹر کو دعوت دیتا ہوں کہ اس پلیٹ فارم پر آئیں، ماڈرن ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ سیکٹر سے ملکر نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعلی نے ایک سال کی رپورٹ پیش کر کے عوام کو بریف کیا، مراد علی شاہ نے زبردست انداز میں اپنے کام بتائے اور اپنے وژن بتایا۔ وزیراعلی سندھ کو ایک سالہ کارکردگی پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔چیف ایگزیکٹو کو پتہ ہونا چاہیے کہ اس کے صوبے میں کیا ہورہاہے، میڈیاکو بھی یہ بتاناچاہیے ایسا وزیراعلی ہے جو نہ صرف پرفارم کرتا ہے بلکہ اس کا ویژن بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کل سندھ اسمبلی اجلاس میں پانی کی تقسیم پر ارکان کا موقف لیا، آپ کے تحفظات وفاق تک پہنچا رہے ہیں۔ کچھ لوگوں کو اس معاملے کی سنگینی کا احساس ہوا یہ اچھی بات ہے، حقیقت میں یہ نیا مسئلہ نہیں ہے، وزیراعلی سندھ اور ان کی ٹیم ہر دور میں یہ مقدمہ لڑتے آ رہے ہیں، اسلام آباد میں شکلیں تبدیل ہوئیں لیکن ہر حکومت میں یہی ایشو رہا ہے۔ پی ٹی آئی دور میں 2 کینالز بنانے کا معاملہ آیا تو جام خان شورو، نثار کھوڑو نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، اپنی جغرافیائی اورعلاقائی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہوگی۔شہباز حکومت میں جب بھی کوئی ایسا منصوبہ آیا تو وزیراعلی صوبے کی آواز بنے، ہم مخالفت برائے مخالفت نہیں کرتے، ہم سمجھتے ہیں کہ مسائل کا حل سیاسی انداز میں ہی نکل سکتا ہے، اس جدوجہد میں بھی سندھ کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہے، حکومتی کوششوں سے مہنگائی میں اضافہ نہیں ہورہا جسے ویلکم کرتے ہیں، عوام تک ریلیف پہنچانے میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھ سے اس صوبے کے عوام کا سب سے بڑا مطالبہ روزگار کا رہا ہے، مطالبات اتنے ہیں کہ حکومت سندھ کے پاس انہیں پورا کرنے کی گنجائش نہیں ہے، صوبائی حکومت سے ہمیشہ شکایت رہتی ہے کہ وہ بروقت ملازمتیں نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کا منصوبہ خواتین کو بااختیار بنانے کا منصوبہ بھی بنا، ہم نے اس منصوبے کے ذریعے کئی لاکھ ملازمتیں بھی پیدا کیں، سندھ میں ایک طرف صوبائی حکومت ملازمتیں پیدا کرتی ہے ، دوسری طرف نجی شعبہ ملازمتیں پیدا کرتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پارٹنرشپ چاہتے ہیں، اس حوالے سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم آئی ورک فار سندھ کی ایپ شروع کی ہے، نوجوانوں اور ملازمتیں دینے والوں کو اس پلیٹ فارم پر رجسٹر ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے لوگ بہت محنتی ہیں، کامیابی تب ہوگی جب سب لوگ مل کر کامیاب ہوں گے، پارٹی کے لوگ اور نجی شعبہ اس پلیٹ فارم کی تشہیر کرے، نجی شعبہ اس پورٹل پر رجسٹر ہو کر سندھ کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھائے۔ قبل ازیں سندھ حکومت نے جاب پورٹل کا افتتاح کردیا، جس کے ذریعے شہریوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔جاب پورٹل کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور بزنس کمیونٹی کے علاوہ بڑی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارےملک میں 65فیصد یوتھ ہے۔ یہ پورٹل بنایا گیا ہے۔ اس ایپ میں نہ صرف پڑھے لکھے افراد بلکہ ان پڑھ ہنرمند بھی اپنا سی وی ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف گورنمنٹ بلکہ پرائیوٹ سیکٹرکےاداروں سے بھی ہم نے رابطہ کیا ہے وہ بھی اس پورٹل ایپ سے روزگارکےمواقع دیں گے۔ اکثرنوجوان سرکاری نوکری چاہتے ہیں۔ پیپلز ہاسنگ اسکیم جیسے پروجیکٹ بھی ہیں، ایسے پروجیکٹ بھی بنائے ہیں جس سے لوگ ہنرمند ہورہے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے جاب پورٹل لانچ کیا ہے۔ اس پورٹل پر صوبے کے نوجوان رجسٹرڈ ہوں گے۔ مواقع اور ٹیلنٹ اکٹھے ہوں گے تو صوبہ ترقی کرے گا۔ نوکری دینے اور لینے والوں سے گزارش کروں گا کہ زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سے 4گریڈ کی نوکریوں کا اشتہار بھی اس پورٹل پر دیں گے۔ 5سے 15 گریڈ کی نوکریاں آئی بی اے کے ذریعے دیتے ہیں۔ شفاف طریقے سے نوکریاں دیں گے۔ عارضی نوکریوں کو بھی اس سسٹم کے ساتھ لنک کریں گے۔ اس جاب پورٹل کی تشہیر کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ رجسٹرڈ ہو سکیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح پیپلز پارٹی اس صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ کوشش ہے کہ سندھ کے لوگوں کی مزید خدمت کریں۔ اس صوبے کو لوگوں نے سیلاب میں شدید مشکلاتیں دیکھی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق 21 لاکھ گھروں کا منصوبہ بنایا۔ 8لاکھ سے زائد گھر بنا چکے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے جو گھر بنائے، اگر ملک بنا دیں تو دنیا کے 800 ملکوں سے بڑا ملک بنے گا
قوم اپنی بہادر افواج کیساتھ ہے، دہشتگردی کیخلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا، بلاول بھٹو
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
