آپ حدود سے آگے بڑھیں گے تو پھر آپ کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوگا، اسد قیصر

 پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے ، آخری بار کہہ رہا ہوں سیاسی کارکنان کے ساتھ یہ ظلم بند کریں:کیا نواز شریف اس قسم کا پاکستان چاہتے ہیں؟ آپ کی بیٹی اور بھائی جو کر رہے ہیں کیا اس طرح یہ ملک آگے بڑھے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ انہوں نے مظاہرے کئے تھے ، جلوس نکالے تھے، کیا قانون اور آئین سیاسی جماعت کو اپنے جائز حقوق کیلئے جلسے اور جلوسوں کا حق نہیں دیتا؟، کس قانون کے تحت پنجاب حکومت یہ گرفتاریاں کر رہی ہے؟ ایک طرف ہماری لیڈر شپ اور خواتین جیلوں میں ہیں، ضمانت ہونے کے باوجود ان کو دوبارہ گرفتار کیا جاتا ہے۔ اسد قیصر کا کہناتھا کہ کیا اس ملک کو بنانا ریپبلک بنانا ہے؟ کیا نواز شریف اس قسم کا پاکستان چاہتے ہیں؟ آپ کی بیٹی اور بھائی جو کر رہے ہیں کیا اس طرح یہ ملک آگے بڑھے گا، گندم کا اتنا بڑا سکینڈل آیا آپ نے کچھ نہیں کیا، کسان کا خون چوسا گیا آپ نے کچھ نہیں کیا، اگر آپ اپنے حدود سے آگے بڑھیں گے تو پھر آپ کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوگا، ہم چاہتے ہیں یہ ملک آئین کے مطابق چلے لیکن آپ نے ہمارے صبر کے پیمانے کو لبریز کر دیا ہے، آخری بار کہہ رہا ہوں سیاسی کارکنان کے ساتھ یہ ظلم بند کریں