ملک کیلئے اتنی محنت کریں قرضہ لینے کے بجائے دینے والے بن جائیں، چیف جسٹس اپیلیٹ کورٹ

گلگت (پ ر)چیف جسٹس سپریم اپلیٹ کورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لئے اللہ پاک کی طرف سے ایک بہت بڑی نعمت ہے، یہ آزادی ہمیں سونے کی پلیٹ پر رکھ کر نہیں ملی بلکہ اس کے حصول کے لئے لاتعداد جانون کا نظرانہ پیش کیا گیا ہے، یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا کہ اگر قائد اعظم محمد علی جناح و رفقا کی انتھک محنت شامل نہیں ہوتی تو شاید آزادی کا سورج طلوع نہیں ہوتا، چیف جسٹس نے کہا کہ آزادی کی خوشی منانے کا مقصد یہ بھی ہونا چاہیے کہ ہم سب اپنا محاسبہ کرے کہ آیا ہم اس ملک کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے یا نہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل کے لحاظ سے بہت امیر ملک ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ان وسائل کو بروئے کار لانے میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کے مستقبل کے لئے اتنی محنت کریں کہ قرضہ لینے کی بجائے دینے والے بن جائیں ، چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے اس ملک کی ترقی ،بقا اور سلامتی کے لئے کردار ادا کرنے والے ہر شخص کو خراج تحسین پیش کیا ،انہوں کہا کہ آزادی کے حصول کے بعد ملک کی بقا و سلامتی کے لئے اپنی تئیں کوششیں کرنا محب وطن ہونے کا اصلی ثبوت ہے ، چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے انڈیا پاکستان کے مابین حالیہ دنوں ہونے والی کشیدگی کے بھرپور جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ، اس موقع پر انہوں نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انکی محنت کی بدولت پاکستان آج ایٹمی ملک ہے ، چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے پاکستان کے ساتھ غیر مشروط طور پر الحاق کرنے پر گلگت بلتستان کی عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا ، تقریب کے موقع پر وکلا و ججز صاحبان سے مخاطب ہوئے چیف جسٹس سردار محمد شمیم نے کہا کہ آج کے اس پر رونق دن کے موقع پر عہد کریں کہ ہم عام عوام کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ کریں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں