یوم آزادی پر گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں قوم کا شاندار جشن

گلگت،شگر ،گانچھے(نمائندگان)گلگت بلتستان میں یوم آزادی بھرپور جوش وخروش وملی جذبے کیساتھ منایا گیا اور صوبائی دارالحکومت سمیت تمام شہروں میں پروقار تقریبات کا انعقادکیا گیا۔تقریبات میں شہداء کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر گلگت شہر میں ہیلی چوک سے ہیلی پیڈ تک شاندار آزادی مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز ہیلی چوک سے ہوا، جس میں شرکا نے پاکستانی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر وطن سے محبت اور گلگت بلتستان کی ترقی کے نعرے درج تھے۔ریلی کے شرکا نے ہیلی پیڈ پہنچ کر قومی ترانہ پڑھا اور گلگت بلتستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ دن گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں اور ان کے پاکستان سے غیر مشروط محبت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ریلی گلگت بلتستان کے عوام کے اتحاد، جذبے اور وطن سے محبت کا مظہر ہے،اس طرح کے پروگرام نئی نسل میں وطن دوستی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ادھرگانچھے میں یوم آزادی پاکستان انتہائی جوش و خروش اور ملی جذبے کیساتھ منایا گیا،یادگارشہدا پر مہمانِ خصوصی سینئر صوبائی وزیر حاجی عبد الحمید، ڈپٹی کمشنر ضلع گانچھے کیپٹن(ر)اریب احمد مختار ایس ایس پی گانچھے محمد ایاز اور تمام سرکاری آفیسران نے حاضری دی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، یادگار پر پھول چڑھائے گئے اور شہدا کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔یوم آزادی کی تقریبات ضلع کے چاروں سب ڈویژنز میں بھی بھرپور انداز میں منعقد ہوئیں۔ مرکزی تقریب گورنمنٹ ڈگری کالج خپلو میں ہوئی جہاں طلبا و طالبات نے ملی نغمے، تقاریر اور دیگر ملی و ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ شرکا نے قومی پرچم کے رنگوں سے سجی فضا میں وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع گانچھے کیپٹن (ر)اریب احمد مختار اور مہمانِ خصوصی سینئر صوبائی وزیر حاجی عبد الحمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم آزادی کا دن ہمیں آزادی کی اہمیت اور اس کی حفاظت کے عزم کی یاد دہانی کراتا ہے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔پروگرام کے اختتام پر دعا کی گئی اور فضا ”پاکستان زندہ باد”کے نعروں سے گونج اٹھی۔ادھر کے ٹو کے دامن میں واقع ضلع شگر میں بھی یومِ آزادی پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کاآغاز ڈسٹرکٹ کمپلیکس شگر اور یادگارِ شہدا پر پرچم کشائی سے ہوا، جہاں ڈپٹی کمشنر شگر عارف حسین اور دیگر ضلعی افسران نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ،انٹر کالج شگر کے طلبہ نے پرجوش ریلی نکالی جو کالج سے شروع ہو کر شاہی پولو گرانڈ تک پہنچی۔ شرکا نے ”پاکستان زندہ باد”کے نعرے لگائے ،عوام کی بڑی تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی اور قومی جذبے کے تحت آزادی کا جشن منایا ضلع بھر میں چار روز سے جاری یومِ آزادی کی تقریبات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عارف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ بانیانِ پاکستان نے ہمیں ایک آزاد اسلامی ریاست عطا کی ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم متحد ہو کر اس وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں