وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان کی خاطر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات کرنے کے لئے تیار ہیں،کسی سے چھپ کر بات نہیں ہوگی، سب کے سامنے ہوگی،وفاق اگر فنڈز نہیں دے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے ،وفاق سے اپنا حق مانگ رہا ہوں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جج کی بازیابی کیلئے کوئی تاوان نہیں دیا، فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جج کو بازیاب کرا لیا، ہمیں اپنی فورسز کو سپورٹ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا میرے صوبے سے وفاق تمباکو سے 300 ارب کما رہاہے، یہ کوئی طریقہ نہیں سارا پیسہ وفاق لے جائے۔ اس بار ان کو یہ پیسہ نہیں ملے گا صرف جی ایس ٹی ملے گا، ہم کوئی بھکاری نہیں کہ ان سے بھیک مانگیں۔ وفاق اگر فنڈز نہیں دے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے ،وفاق سے اپنا حق مانگ رہا ہوں۔ فنڈز لے کر رہوں گا، زمین ہماری، کسان ہمارے اور خرچہ بھی ہمارا لیکن پیسے وفاق لے رہا ہے۔ وزیر اعلی کے پی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خطوط سے بلیک میل نہیں ہوں گا،سنی اتحاد نے الیکشن جیت لیا ہے ، اب مخصوص نشستیں دی جائیں۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت میں امن و امان خراب ہور ہا ہے ،دہشت گردی کےخلاف جنگ کیلیے وفاق فنڈز نہیں دے رہا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن و امان کی ذمہ داری وفاق پر ہے، پی ٹی آئی دور حکومت حالات پرامن تھے، ہماری اولین ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری میں واپڈا خود ملوث ہے،بجلی کے بقایاجات بجلی بلوں میں ایڈجسٹ کیے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ملک کے مفاد میں شروع سے مذاکرات کے حامی ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوگی ۔ کسی سے چھپ کر بات نہیں ہوگی سب کے سامنے ہوگی۔
وفاق فنڈز نہیں دے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے، علی امین گنڈاپور
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
