جیمزومنرلز سٹیک ہولڈرز کا کور کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

گلگت (پ ر) پاکستان جیم اسٹون اینڈ منرلز ایسوسی ایشن(PGMA) کے زیر اہتمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گلگت بلتستان کے مختلف تجارتی و معدنی اداروں اور تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکٹر کو درپیش سنگین مسائل اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں طے پایا کہ تمام منرل و جیم سٹون سٹیک ہولڈرز ایسوسی ایشن اور کمیٹیاں جس میں بلتستان جیمز و منرل ایسوسی ایشن، نگر جیمز کمیٹی، جی بی میٹل، جیمز اینڈ منرل ایسوسی ایشن اور گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس و دیگر شامل ہیں، اپنی نمائندگی کے لیے آئندہ ایک ہفتے کے اندر افراد نامزد کریں گے جو مکمل اختیار کے ساتھ کور کمیٹی کا حصہ بنیں گے۔ یہ کور کمیٹی حکومت کے ساتھ مائننگ ایکٹ و دیگر مسائل کے حوالے سے باضابطہ مذاکرات کرے گی۔ اجلاس میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ:گلگت بلتستان میں کام کرنے والے افراد کے لیے بینک اسٹیٹمنٹ کا عمل سیکشن 7 کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے۔سیکشن 23 میں نرمی کی جائے، تاکہ اسمال اسکیل کے لیے 10 لاکھ، میڈیم کے لیے 30 لاکھ اور لارج اسکیل کے لیے 40 لاکھ کی حد کو تسلیم کیا جائے، جیسا کہ فی الحال آن لائن ویب سائٹ پر موجود ہے۔بارود کی فراہمی کے لیے پاور آف اٹارنی کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔حکومت کسی بھی نئے قانون سازی یا ضابطہ جاتی اقدامات میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہ کرے۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ایک ہفتے کے اندر کور کمیٹی کی تشکیل کے بعد تمام مسائل کے حل کے لیے جامع لاحہ عمل ترتیب دیا جائے گا، جس میں حکومت کے ساتھ باضابطہ ڈائیلاگ، پریس کانفرنس اور احتجاجی پروگرام شامل ہوں گے۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ اگر حکومت نے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سنجیدہ مشاورت اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات نہ کیے تو ایسوسی ایشنز احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں