گلگت(پ ر) ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے کھر یوتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام شہید شاہ رئیس میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا ، اس موقع پر امپھری ، کھر ، برمس اور گرد و نواح کے نوجوانوں نے ترجمان کا استقبال کیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیض اللہ فراق نے کہا کہ گلگت بلتستان کی نوجوان نسل کو مثبت اپروچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے ، یہاں کے نوجوانوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے اور حکومت نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے ، نوجوان ہی سماج کا اصل اثاثہ ہیں اور انکو درست سمت مہیا کرنا ہم سب کی زمہ داری ہے ۔ گلگت بلتستان کی متنوع معاشرے میں صحت مند سرگرمیاں ناگزیر ہیں ، ایک زمانہ تھا یہاں ” نوگو” ایریاز تھے لیکن الحمد اللہ بہترین امن قائم ہے اور اس میں دو رائے نہیں کہ گلگت بلتستان کے قیام امن کا کریڈٹ جہاں دیگر اداروں کو جاتا ہے وہاں پر مقامی نوجوانوں کو بھی جاتا ہے کیونکہ اب یہاں کی نوجوان نسل باشعور ہوچکی ہے ، ترجمان نے کہا کہ ترقی کا تعلق مثبت اور حوصلہ افزا دماغوں سے ہے ، ہمیں چاہئے کہ منفی پروپیگنڈوں کے بجائے مثبت سوچ کو لیکر محنت کریں تاکہ کامیابی کی منزل ہمارا استقبال کر سکے ۔ ترجمان نے یقین دلایا کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے مزید محنت کریں گے اور کھیلوں کے فروغ میں مزید کردار ادا کریں گے ، ترجمان نے کھر یوتھ ارگنائزیشن کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکے حوصلوں کی داد دی اور اپنی جانب سے نوجوانوں کیلئے ہر پل ہر قدم بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
نوجوان پروپیگنڈے کا شکار ہونے کے بجائے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں، ترجمان وزیراعلیٰ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
