گلگت(سٹاف رپورٹر)حفاظتی ٹیکہ جات کے عالمی ہفتہ کے سلسلے میں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ گلگت بلتستان نے صوبائی سطح پر ایڈووکیسی سیمینار کا انعقاد کیا، جس کا مقصد حفاظتی ٹیکوں کی کوششوں کو مضبوط بنانا اور عوامی صحت کے تحفظ میں ویکسینز کی اہمیت کے بارے میں آگاہی بڑھانا تھا۔ تقریب میں صوبائی وزیر قانون و سیاحت غلام محمد’ گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبر و پی پی پی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ اور سابق وزیر خزانہ و رکن اسمبلی جاوید علی منوا سمیت محکمہ صحت کے حکام شریک تھے۔ صوبائی وزیر سیاحت و قانون غلام محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے بہترین اقدامات اور محکمہ صحت کی کاوشوں سے گلگت بلتستان پولیو فری ہے لہذا کمپئین جتنی موثر ہوگی اس کے نتائج بھی اتنے بہتر برآمد ہوں گے لہذا عوام میں شعور و آگاہی پر توجہ دی جائے تاکہ مہلک بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے عوام اپنے پھول جیسے بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات میں کسی قسم کی بھی سستی یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کر سکیں وزیر سیاحت غلام محمد نے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت کو سراہا اور ای پی آئی ٹیم کی انتہائی دور دراز علاقوں تک خدمات پہنچانے کے لیے ان کے لگن اور عزم کی تعریف کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی و پی پی پی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ نے ویکسینز کی زندگی بچانے والی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کمیونٹیز پر زور دیا کہ وہ آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی ٹیکوں کے پروگراموں میں فعال طور پر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین خصوصا مائیں اور بہنیں اپنے بچوں کو موزی امراض سے بچانے اور معاشرے کے لئے کارآمد شہری بنانے کے لیے بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکہ جات لگوائیں تاکہ 12 قسم کے موذی امراض سے بچا سکیں سابق وزیر خزانہ جاوید علی منوا نے عوام کو ویکسین سے بیماریوں کے بارے میں شعور دینے کے لیے مزید آگاہی اور کمیونٹی سیشنز کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ای پی آئی پروگرام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے گلگت بلتستان اسمبلی میں صحت سے متعلق قوانین بنانے میں تعاون کرنے کا بھی عہد کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز گلگت بلتستان ڈاکٹر سلیم الدین نے معزز مہمانوں اور شرکا کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ای پی آئی پروگرام کا جامع جائزہ پیش کیا، جس میں پروگرام کی کامیابیوں، کامیاب کہانیوں اور گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حفاظتی ٹیکے مہیا کرنے میں درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر محمد اقبال، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز اور ایکٹنگ ڈائریکٹر ای پی آئی گلگت بلتستان نے تمام معزز مہمانوں، شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کا ان کے قیمتی وقت اور بصیرت کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف سمیت ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے اراکین کا بھی مسلسل تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔عالمی حفاظتی ٹیکہ جاری ہفتہ کے موقع پر منعقد ہونے والے اس سیمینار نے حکومت، صحت کے محکموں اور شراکت دار تنظیموں کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا تاکہ گلگت بلتستان کے ہر بچے کو زندگی بچانے والے حفاظتی ٹیکے لگوانے کے اجتماعی ہدف کو مزید مضبوط بنایا جا سکے
حفاظتی ویکسینیزبارے شعورآگاہی پیداکی جائے،غلام محمد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
