حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے تعائون کریگی،گلبرخان

اسلام آباد(پ ر)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان جرنلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد کے نومنتخب صدر ابرار حسین استوری اور ان کی پوری کابینہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم کی نئی قیادت کے انتخاب سے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے سینئر نائب صدر محمد مختار، نائب صدر رسید علی رضوی، جنرل سیکریٹری غلام عباس اور سیکریٹری اطلاعات ضیغم عباس کو بھی ان کے عہدوں پر منتخب ہونے پر خصوصی طور پر مبارکباد دی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ نو منتخب عہدیداران اپنی صلاحیتوں، تجربے اور خلوص نیت سے صحافی برادری کے مسائل کے حل، حقوق کے تحفظ اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان آزادی صحافت کی ضامن ہے اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب قیادت اعلی صحافتی اقدار، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو فروغ دینے میں بھرپور محنت کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں