گانچھے (محمد علی عالم)سب ڈویژن مشہ بروم کے گائوں گلشن کبیر میں المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں چار افراد جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدوروں سے بھرا ہوا ایک ٹریکٹر نالے میں جاری تعمیراتی کام کے لئے جا رہا تھا۔ بدقسمتی سے ٹریکٹر بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں چار مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دس افراد شدید زخمی ہوئے۔حادثے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ مقامی افراد فورا جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خپلو منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث تین زخمیوں کو مزید بہتر علاج کے لئے سکردو منتقل کر دیا گیا ہے حادثے کے بعد خپلو میں انسانی ہمدردی کا جذبہ بھی دیکھنے کو ملا، جہاں بڑی تعداد میں رضاکار خون دینے کے لئے ہسپتال پہنچ گئے۔ اس موقع پر مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات نے اسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین کو تسلی دی جاں بحق افراد کی نماز جنازہ مقامی قبرستان میں ادا کی گئی، جہاں ہر آنکھ اشک بار تھی۔ آہوں اور سسکیوں میں چار افراد کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ جنازے میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واقعے نے پورے ضلع کی فضا کو سوگوار کر دیا ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر گنگچھے کیپٹن ریٹائرڈ اریب احمد مختار اور اسسٹنٹ کمشنر خپلو احسان الحق نے ڈی ایچ کیو ہسپتال خپلو کا دورہ کیا اور گلشن کبیر حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے حادثے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ادھر افسوسناک ٹریکٹر حادثے کے بعد جہاں پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے، وہیں انسانی ہمدردی اور جذبہ ایثار کے کئی روشن مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ جب حادثے میں زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خپلو منتقل کیا گیا تو مقامی نوجوانوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر چندہ مہم شروع کی۔ اس مہم کے دوران صرف چند گھنٹوں میں 70 ہزار روپے کی رقم جمع کی گئی، جو فوری طور پر زخمیوں کے لواحقین کے حوالے کی گئی۔ یہ اقدام نوجوانوں کی بیداری اور احساس ذمہ داری کا مظہر تھا، جسے سوشل میڈیا اور مقامی حلقوں میں بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ صوفیہ نوربخشیہ روحانی پیشوا مولانا رستم علی انجم نے زخمیوں کی مالی مدد کے طور پر پچاس ہزار روپے کی امداد فراہم کی۔ حلقہ گانچھے حلقہ تین مشہ بروم کے امیدوار ڈاکٹر اسد شفیق نے نہ صرف زخمیوں کی تیمار داری کی بلکہ ان کے علاج معالجے کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ مزید برآں، ڈاکٹر اسد شفیق نے گلشن کبیر جا کر جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی، ان سے تعزیت کی اور انہیں 70 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی۔اسی طرح سماجی شخصیت اید نذر عباس کاظمی بھی گلشن کبیر پہنچے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مالی امداد کے طور پر 50 ہزار روپے لواحقین میں تقسیم کیے۔
مشہ بروم: المناک ٹریفک حادثہ پیش، چار افراد جاں بحق ، دس زخمی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
