پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ بھارت میں شیڈول ہاکی ایونٹس کے لیے حکومتی ہدایات کا انتظار ہے، وہ ہی کریں گے جو حکومت کہے گا۔لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ قومی کھیل پر توجہ دینے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گذار ہیں۔ انڈر 18 ایشیا کپ، جونیئر ایشیا کپ اور نیشنز کپ میں پاکستان کی ٹیموں نے فائنل کھیلے ہیں۔ ہماری ٹیموں کی اچھی کارکردگی پر ٹیموں کی تعریف کی بجائے تنقید کی جارہی ہے۔ ہم نے 18 ویں رینکنگ سے شروع کیا اور ہم 12 نمبر پر آگئے ہیں۔اس وقت پاکستان ہاکی فیڈریشن ایشیا کپ کے حوالے نازک صورت حال میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے ہماری حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس پر عمل کریں گے۔ ٹیم کو ایشیا کپ کے لیے بھارت بھجوانے کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ نیشنز کپ اور انڈر 18 ایشیا کپ کے علاوہ کھلاڑیوں کو باقی ٹورنامنٹس کے ڈیلی الاؤنس مل گئے ہیں۔ ہم نے ایک ارب یا 70 کروڑ روپے کی رقم کا کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ سیکریٹری آئی پی سی اور ڈی جی پی ایس بی سے میٹنگ میں طے پایا ہے کہ ہم نے اخراجات کی تفصیل بنا کر دینی ہے۔ ہاکی کے لیے کم ازکم سالانہ 75 کروڑ روپے کا بجٹ درکار ہے۔سیکریٹری پی ایچ ایف نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ کے لیےاکیس جولائی تک نیوزی لینڈ سے جواب مانگ رکھاہے، نیوزی لینڈ کے انکار کی صورت میں پاکستان کو موقع ملے گا۔ ہم سے ایف آئی ایچ نے اپنی دستیابی مانگ رکھی ہے۔
بھارت میں شیڈول ہاکی ایونٹس میں شرکت کا فیصلہ حکومت کرے گی، سیکریٹری پی ایچ ایف
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
