مخصوص نشستوں پر اپوزیشن کا حلف پارلیمانی سیاست کا سیاہ باب ہوگا، بیرسٹر سیف

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اور پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر اپوزیشن اراکین کا حلف لینا پارلیمانی سیاست کے سیاہ ترین باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کے معاملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا سہارا لے کر پارلیمانی اصولوں کو بری طرح پامال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی طرف سے مسترد شدہ جماعتوں کو پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دی گئیں، جو نہ صرف غیر جمہوری ہے بلکہ عوامی رائے کی توہین بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر زبردستی قابض ہوکر اپوزیشن نے پارلیمانی سیاست کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اور اس عمل کے ذمہ دار وہ سیاستدان ہیں جو اقتدار کے لیے ہر حد پار کرنے پر آمادہ ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر اپوزیشن میں اخلاقی جرات ہوتی تو یہ مخصوص نشستیں قبول نہ کرتی، لیکن اقتدار کی ہوس نے ان سے سیاسی اصول چھین لیے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں جیتنے کے باوجود غیر مطمئن نظر آتی ہیں، جب کہ پی ٹی آئی عوام کی بھرپور حمایت کے باعث ہار کر بھی مطمئن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں