پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایشیا کپ 2025 کے لیے قومی اسکواڈ میں بابر اعظم کی عدم موجودگی پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایشیا کپ جیسے بڑے ایونٹ کے لیے ٹیم میں شامل نہ ہونے پر سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر میں چاہتا تھا کہ بابر اعظم ٹیم کا حصہ ہوں لیکن اب جب وہ اسکواڈ میں نہیں ہیں تو موجودہ کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے۔
معروف اسپورٹس ویب سائٹ سےگفتگو میں وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے، یہ ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔
خیال رہےکہ بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنل میں 4 ہزار 223 رنز بناکر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر ہیں، پہلے نمبر پر بھارت کے روہت شرما ہیں جنہوں نے 4 ہزار 231 رنز بنائے ہیں تاہم وہ اس فارمیٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔