فرقہ واریت سے بالاترہوکر متحد ہونا پڑے گا، گورنر

گلگت (سٹاف رپورٹر)گلگت میں قومی ایکشن پلان برائے آبادی کے تحت سیمینار منعقد ہوا۔ وزارتِ قومی صحت، ضوابط و ہم آہنگی (NHSRC) اور محکمہ بہبودِ آبادی گلگت بلتستان کے اشتراک سے منعقدہ علما سیمینار میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، سرکاری افسران، ماہرینِ صحت، سول سوسائٹی، میڈیا کے نمائندگان اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔ گورنر سید مہدی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے نوجوانوں کی اخلاقی، دینی اور فکری تربیت ناگزیر ہے۔ اگر نوجوان صحیح سمت میں رہنمائی حاصل کریں تو وہ معاشرے کی ترقی کا باعث بنتے ہیں، لیکن تربیت کے فقدان سے وہی نوجوان تباہی کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ انہوں نے علمائے کرام کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علما قوم کے فکری رہنما ہیں اور ان کی بات گہرا اثر رکھتی ہے۔ علمائے کرام کو نہ صرف عبادات بلکہ سماجی ذمہ داریوں، حقوق العباد، سچائی، عدل، رواداری اور حب الوطنی جیسے موضوعات کو بھی اپنے خطبات کا حصہ بنانا چاہیے۔ ماں کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے گورنر نے کہا کہ “ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہے”۔ ماں نہ صرف گھریلو امور سنبھالتی ہے بلکہ ایک نسل کی معمار ہے۔ ایک دیندار، بااخلاق اور باشعور ماں اپنے بچوں کو انہی اقدار پر پروان چڑھاتی ہے، جو بچے کی شخصیت کی بنیاد بنتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آج کی ماں کو تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ دین و دنیا کی سمجھ بوجھ بھی رکھنی چاہیے تاکہ وہ اپنے بچوں کو ایک مثالی فرد بنانے میں کردار ادا کر سکے۔ گورنر نے تجویز دی کہ اسکولوں، گھروں، مساجد اور کمیونٹی مراکز میں تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں جہاں بچوں اور نوجوانوں کو اخلاق، تہذیب، دین، وطن سے محبت اور انسانیت کے اسباق سکھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے پرامن خطے کو تعلیم یافتہ، بااخلاق اور باشعور نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر علم، اتحاد اور نیکی کے پرچم تلے جمع ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آخر میں، گورنر نے والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور سماجی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مل کر نئی نسل کی تربیت کریں، کیونکہ یہی نسل ایک بہتر پاکستان کی بنیاد بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماں اپنی گود کو تربیت گاہ اور علما منبر و محراب کو اصلاح کا ذریعہ بنائیں تو ایک ایسا معاشرہ تشکیل پائے گا جو امن، انصاف اور ترقی کا گہوارہ بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں