چلاس میں اساتذہ کی غیرحاضری کانوٹس،رپورٹ طلب

گلگت(پ ر) صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغانے گورنمنٹ ہائی سکول گوہر آباد ڈسٹرکٹ چلاس میں اساتذہ کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس ضمن میں وزیر تعلیم نے ڈائریکٹر دیامر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور واضح کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور تدریسی سرگرمیوں میں خلل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ طالبات نے اساتذہ کی عدم حاضری کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ جس دوران سکول گیٹ پر پتھرائو بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال انتہائی افسوسناک اور تعلیمی نظام کے لیے نقصان دہ ہے جس کی فوری اصلاح ضروری ہے۔غلام شہزاد آغانے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبا و طالبات کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایسے عناصر جو فرائض میں غفلت برت کر اداروں کے نظم کو متاثر کرتے ہیں ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں