گلگت( ثاقب عمر) گلگت بلتستان کے وزیرداخلہ شمس لون نے کہا ہے کہ فرقہ واریت بھارت کی سازش ہے عوام کو محتاط رہنا چاہئے اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی منفی باتوں پر توجہ نہیں دینی چاہئے،بھارت نے جی بی میں کوئی شرانگیزی کی تو عوام اپنے اتحاد سے اس کو ناکام بنائیں گے،کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل سے را کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے،کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے شمس لون نے کہا کہ بھارت اس ریجن کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے جو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی داستانیں رقم کررہا ہے،اپنے ملک میں بسنے والی اقلیتوں سے جینے کا حق چھین رہا ہے بلکہ ہمسایہ ممالک بالخصوص پاکستان میں بدامنی پھیلانے میں ملوث ہے،صوبائی وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان کئی دہائیوں سے بھارت کی دہشت گردی کا شکار ہے اور کئی بار دنیا کو حقائق سے آگاہ کرنے کے باوجود عالمی ضمیر اس پر خاموش ہے انھوں نے کہا کہ اب کینیڈا میں ہونے والے واقعہ نے بھارت کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے ،گلگت بلتستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شمس لون نے کہا کہ جی بی ایک حساس خطہ ہے اور بھارت اس کی حساسیت سے فائدہ اٹھانے کے لئے موقع کی تاک میں ہے ،فرقہ واریت بھارت کی ہی سازش ہے جبکہ مودی سرکار گلگت بلتستان میں دہشت گردی کرانے کے بھی درپے ہے اس حالات میں عوام کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے انھوں نے کہا کہ مودی سرکار کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ہمارے آباﺅ اجداد نے جنگ لڑکر یہ خطہ آزاد کرایا اور پاکستان کے ساتھ شامل ہوئے پاکستانیت ہمارے خون میں شامل ہے یہاں کے عوام کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اگر بھارتی سرکار نے کوئی غلطی کی اور کوئی شرانگیزی کرنے کی کوشش کی تو جی بی کے عوام اپنے آباﺅاجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ،شمس لون نے کہاکہ بھارت منفی اور شرانگیز پروپیگنڈے کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکتا۔
فرقہ واریت بھارت کی سازش، عوام محتاط رہیں، وزیر داخلہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
