گلگت:سیکریٹری سیاحت و ثقافت آصف اللہ خان نے سیرینا ہوٹل کے اشتراک سے ٹورازم پروموشن سروسز(پاکستان) کے زیراہتمام ٹورازم سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام موسموں میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں سرمائی سیاحت کے دور رس نتائج مرتب ہوئے ہیں اور جی بی آل ویدر ڈیسٹنیشن بن چکا ہے،سیاحت کے فروغ کے ساتھ ماحول پر سیاحت کے اثرات کنٹرول کرنے کیلئے بھی اقدامات کرنا ہوں گے،سیمینار میں ذمہ دارانہ سیاحت اور ماحولیاتی بقاءکے موضوع پر ہونے والے پینل ڈسکشن کی میزبانی سینئر صحافی و معروف اینکر پرسن سدرہ اقبال نے کی۔سیرینا ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت جی بی آصف اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کا بڑا پوٹینشل موجود ہے۔ گلگت بلتستان کو جیول آف پاکستان اور کیپیٹل ٹورازم آف پاکستان کہتے ہیں۔ گلگت بلتستان کا قدرتی ماحول ہی ہمارا اثاثہ ہے۔ اس کو بچا کر رکھا تو اثاثے کی طرح ہمیشہ رہے گا ورنہ اس ماحول کو خراب کیا گیا تو یہ چند سال کا مہمان ہے اور اگر جی بی کا ماحولیاتی حسن متاثر ہوا تو سیاحت بھی نہیں رہے گی کیونکہ جب قدرتی نظارے ہی نہیں ہوں گے تو سیاح بھی نہیں آئیں گے۔ دنیا میں ایکو ٹورازم یا گو گرین کی بات ہوتی ہے تو اس میں سب سے زیادہ ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے علاوہ کوئی اور شعبہ نہیں ہے جس سے عوام کے لئے کوئی انڈسٹری قائم کی جا سکے یا روزگار کا ذریعہ پیدا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یوم سیاحت کا عنوان گو گرین ہے انہوں نے کہا کہ 6 اکتوبر سے سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی شروع ہو رہی ہے جس کے لئے ماحولیاتی پالیسی بنائی گئی ہے۔ جس کے تحت پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال اور زیادہ کلرز اور پرنٹنگ کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔ پالیسی کا مقصد عوام کو شعور دینا ہے۔ پینل ڈسکشن میں پائیدار سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے میں سرگرم عمل ہیں ماہرین اور رہنما راجہ اعظم خان، صدر، ٹاو¿ن مینجمنٹ سوسائٹی شگر، حیدر رضا، ڈائریکٹر نارتھ، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان، گلگت بلتستان ہوٹل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کوثر حسین، ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ اعجاز کریم، آغا خان ایجنسی برائے ہیبی ٹیٹ، قندیل زہرہ، سائنٹیفک آفیسر، انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی گلگت بلتستان اور اقبال حسین، ڈائریکٹر ٹورازم، گلگت بلتستان شریک ہوئے ، پینل ڈسکشن میں ذمہ دارانہ سیاحت، ماحولیاتی تحفظ ، پائیدار ترقی کے مختلف پہلوو¿ں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے ساتھ سیاحت کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے حکمت عملی، پائیدار سیاحت کو فروغ دینے میں مقامی کمیونٹیز کے کردار، پائیدار مستقبل کی تشکیل میں سرکاری اداروں، این جی اوز اور نجی شعبے کے درمیان باہمی تعاون کی کوششوں کے موضوع پر بھی بات ہوئی ،گلگت سرینا ہوٹل میں پینل ڈسکشن نے پائیدار سیاحتی طریقوں کے ذریعے اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہوئے گلگت بلتستان کی قدرتی شان و شوکت کے تحفظ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اجتماعی عزم کو اجاگر کیا۔