آغا خان ہیلتھ سروسز کی صحت کے شعبے میں خصوصی اقدامات و خدمات تعریف کے قابل ہیں، وزیر صحت

 گلگت(سٹاف رپورٹر) آغا خان ڈائیگنوسٹک سینٹر جوٹیال میں جدید ای این ٹی سیٹ اپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔وزیرصحت سید سہیل عباس شاہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آغا خان ڈائیگنوسٹک سینٹر کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان ہیلتھ سروسز کی صحت کے شعبے میں خصوصی اقدامات و خدمات تعریف کے قابل ہیں جنہوں نے بلا تفریق گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت میں اول دستے کے طورپرکام کیا۔ انہوں نے کہاکہ آغا خان ہیلتھ سروسزگلگت بلتستان میں معیاری طبی سہولیات فراہم کررہا ہے آغا خان ہیلتھ سروسز کی خدمات ڈھکی چپھی نہیں۔ انہوں نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے غریب عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے گھر کی دہلیز تک سہولیات مہیا کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان ایک پسماندہ علاقہ ہے یہاں کے غریب عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے, انہوں نے کہا کہ علاقے میں صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے آغا خان ہیلتھ سروسزکے ساتھ مل کر کام کرینگے تاکہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔اس موقع پر آغا خان ہیلتھ سروسز کے سینئر عملے نے صوبائی وزیر اور تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔ آغا خان ہیلتھ سروس کے ذمہ داروں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے غریب عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے مذکورہ سینٹر میں ہر قسم کی سہولت مہیا کی گئی ہے جس میں کان، ناک، حلق ، اور گردن ، بچوں اور بڑوں کی آنکھوں کا معائنہ ، آنکھوں کے امراض کی تشخص، لیزر کے اعلاج کی سہولت اور دیگر علاج مناسب انداز میں کئے جاتے ہیں۔ اور ضرورت مند لوگوں کو ویلفئیر کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔ افتتاحی تقریب میں سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان فدا حسین، صدر اسماعیلی ریجنل کونسل گلگت اقبال رسول ، کلینکل ہیڈ آغاخان ہیلتھ سروسز پاکستان ساجد حسین ،محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، سول سوسائٹی و میڈیا کے نمائندے شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں