ہنزہ (پ ر) سیکرٹری برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ کو دورہ ہنزہ کے موقع پر یو این ڈی پی اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے جاری گلاف ٹو پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ اس موقع پر وزارت امور کشمیر کے افسران،ڈپٹی کمشنر ہنزہ غضنفر علی، ایس ایس پی ہنزہ، محکمہ منصوبہ بندی گلگت بلتستان کے ڈپٹی چیف علی جبار اور مختلف محکموں کے نمائندے موجود تھے۔ یو این ڈی پی کے صوبائی کوآرڈینیٹر عبد الباسط نے گلاف ٹو پراجیکٹ کی مجموعی کارکردگی بالخصوص موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اورقدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بریفننگ دی۔ وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان کے جغرافیائی حالات کے تناظر اور موسمیاتی تبدیلی کے سبب رونما ہونے والی آفات سے نمٹنے کے لئے گلاف ٹو پراجیکٹ کو بڑی اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیتے ہوئے اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے نتیجے میں ہر سال بڑی تباہی ہوتی ہے، ہنزہ میں حسن آباد اور ضلع غذر کے گاوں بوبر میں قدرتی آفت کے نتیجے میں انسانی جان ومال کو ہونے والے نقصانات اس تباہی کی مثالیں ہیں۔ چنانچہ مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث رونما ہونے والی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ ان آفات کے سبب انسانی جان ومال کو ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے گلاف ٹو پراجیکٹ پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کے سلسلے میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔