نیٹکو ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، کنٹریکٹ ملازمین مستقل، ایڈہاک الاونس منظور

گلگت(سٹاف رپورٹر) نیٹکو ملازمین کا احتجاج رنگ لے لایا۔ نیٹکو ملازمین کو ایڈہاک الاﺅنس ادا اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ جبکہ دیگر مطالبات کو کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ نیٹکو ہیڈ آفس سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق نیٹکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نیٹکو ملازمین کے دو مطالبات کی منظوری دیدی ہے،نوٹی فیکیشن کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاو ¿نس 2023، گریڈ 1سے 16 کے لیے 35 فیصد جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے لیے 30 فیصد یکم جولائی 2023 سے لاگو ہوگا۔ ایڈہاک الاو ¿نس 2023 کے بقایا جات ستمبر کے مہینے کی تنخواہ کے ساتھ ادا کیے جائیں گے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق نیٹکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گریڈ ون سے گریڈ 15 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے پربھی اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے، نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کے ڈی آر اے کے مطالبے کو ایک کمیٹی کے ذریعہ حل کیا جائے گا جس میں ملازمین کے دو ممبران اور نیٹکو انتظامیہ کے دو ممبران شا مل ہوں گے ،کمیٹی کی سفارشات کو نیٹکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے رکھا جائے گا، نیٹکو ملازمین کے سروس سٹرکچر / قانون سازی کا معاملہ بھی اسی کمیٹی کے ذریعے طے کیا جائے گا،تمام معاملات کابینہ حتمی منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ نیٹکو ملازمین گزشتہ دو ہفتے سے احتجاجی دھرنے پر تھے۔ اور گلگت بلتستان کے تمام اضلاع اور راولپنڈی کے لئے ٹرانسپورٹ سروس بند تھی۔ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے ملازمین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کیا تھا جس میں 5 ممبران اسمبلی’ ایم ڈی نیٹکو اور نیٹکو ملازمین یونین کے جنرل سیکرٹری کو طلب کیا گیا تھا اجلاس میں نیٹکو ملازمین کے جائز مطالبات کو حل کرنے کا کہا گیا جس کے بعد نیٹکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مطالبات حل کرنے کی منظوری دی۔ بعد ازاں گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران نیٹکو ملازمین کے دھرنے میں پہنچے۔ اور انہیں خوشخبری سنائی۔ جس کے بعد ملازمین نے متفقہ طور پر دھرنے کے خاتمے کا اعلان کیا گیا اور سپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے عوامی اقدامات کو سراہا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں