استور ضمنی انتخابات، چیف الیکشن کمشنر سے جواب طلب

گلگت(پ،ر)گلگت بلتستان چیف کورٹ کے جسٹس ملک عنایت الرحمن کی سربراہی میں جسٹس راجہ شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے محمد خورشید خان کی رٹ پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے حلقہ جی بی اے 13استور ون کے ضمنی انتخابات میں ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 95 کے تحت فارم 47، 48 اور 49 کی کارروائی مکمل کر کے رزلٹ چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کرنے اور چیف الیکشن کمشنر کو 10 اکتوبر کو محمد خورشید خان کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کا تحریری جواب داخل کرنے کا حکم دیدیا، تفصیلات کے مطابق حلقہ جی بی اے 13 استور 1 کے ضمنی انتخابات میں محمد خورشید خان کامیاب ہوئے ،ان کی کامیابی کے خلاف ن لیگ کے فرمان علی نے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست دی جس میں دھاندلی کا الزام لگایا گیا ، فرمان علی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر نے ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو مزید پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی اور رزلٹ کا اعلان کرنے سے روک دیا ،چیف الیکشن کمشنر کے حکم کے خلاف خورشید خان نے چیف کورٹ میں پٹیشن دائر کی ،گزشتہ روز مذکورہ بالا ڈویژن بینچ نے سماعت کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 95 کے تحت فارم 47 ، 48اور 49 کی کارروائی مکمل کر کے رزلٹ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو ارسال کرنے اور چیف الیکشن کمشنر کو 10 اکتوبر 2023 کو محمد خورشید خان کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کا تحریری جواب داخل کرنے کا حکم دیدیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں