ہرفیصلے پر آپ کے ساتھ ہیں، اتحادیوں کا وزیراعظم پر اظہار اعتماد

آرمی چیف اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اس میں سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، چودھری شجاعت حسین،مولانا فضل الرحمان ، آفتاب شیر پاؤ، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، سردار اختر مینگل، نوابزدہ شاہ زین بگٹی، سردار خالد مگسی، خالد مقبول صدیقی ، سید نوید قمر، طارق بشیر چیمہ، ایاز صادق، سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، پروفیسر ساجد میر، احسن اقبال، اسعد محمود و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران آرمی چیف اور چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور ملکی سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی، اہم تقرری سے قبل سمری صدر مملکت کو ارسال کیے جانے سے بھی قبل اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا۔اجلاس کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ وزیراعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار اور آرمی چیف کی تعیناتی کا استحقاق آپ کو سونپا ہے۔چودھری شجاعت حسین نے اجلاس کے دوران کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس منصب پر بٹھایا ہے، آرمی چیف کی تعیناتی آپ کا آئینی حق ہے،بلوچستان عوامی پارٹی کے ڈاکٹر خالد مگسی نے کہا کہ اہم تعیناتی سے متعلق آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب! ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہباز شریف صاحب ! آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، آرمی چیف کے معاملے پر آپ نے ہم سے مشاورت کی، آپ کا شکریہ۔اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے کہا کہ آئین کے تحت فیصلہ آپ کو کرنا ہے، ہم آپ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔محسن داڑو نے کہا کہ آرمی چیف سمیت تقرریوں کا اختیار آپ کے پاس ہے اور آپ ہی اس کے مجاز ہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔آفتاب شیر پاؤ نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اختیار آپ کا ہے، آپ نے ہم پر اعتماد کیا، ہم آپ پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی نے کہا کہ دستور نے آپ کو زمہ داری دی ہے، ہم آپ کے فیصلوں کی تائید و حمایت کرتے ہیں، مشاورت کرنا آپ کی جمہوری سوچ کا مظہر ہے۔لیگی سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم تمام جماعتوں کا وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔