امریکی سینیٹر کا پاکستان کی صورتحال پر اظہار تشویش

امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر باب میننڈیز نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقات میں سینیٹر باب میننڈیز نے کہا کہ وہ پاکستان میں ہنگامہ آرائی نہیں، استحکام چاہتے ہیں، انہیں پاکستان میں بے گناہ گرفتار پاکستانی امریکنز کے بارے میں تشویش ہے۔ دوسری جانب امریکی سینیٹر جان کورنین سے پی ٹی آئی امریکا کے رہنماوں سجاد برکی اور عاطف خان کی ملاقات ہوئی۔ پی ٹی آئی امریکا کے رہنماوں کا دعوی ہے کہ سینیٹر کورنین نے کہا ہے کہ وہ معاملہ امریکی سینیٹ میں اٹھائیں گے۔ اس کے علاوہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کاکس کی سربراہ شیلا جیکسن کی جانب سے بھی پاکستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ پرامن مظاہرہ کرنے والوں کو تحفظ ہونا چاہیے۔