بھارت نے عالمی اور کینیڈین حکومت کے دباؤ پر ہردیب سنگھ قتل کیس میں تعاون پر آمادگی ظاہر کردی۔
عالمی دباؤ اور کینیڈا کے دو ٹوک مؤقف پر بھارت نے ہردیب سنگھ نجر قتل کیس میں کینیڈا سے تعاون کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کینیڈا قتل کے ٹھوس شواہد فراہم کرے گا تو اُس کا جائزہ لیں گے
بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کے بعد کینیڈا کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ہردیپ سنگھ قتل کیس کے شواہد سیاسی رہنماؤں کو دکھا دیے، جس پر این ڈی پی کے رہنما جگمیت سنگھ نے تحقیقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
جگمیت سنگھ نے کہا کہ ہردیپ سنگھ قتل کے شواہد دیکھے جس کے بعد صاف ظاہر ہوگیا کہ قتل میں بھارت ملوث ہے۔
اُدھر کینیڈا نے بھارت میں موجود اپنے شہریوں کو مزید احتیاط کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
دوسری جانب کینیڈا، امریکا سمیت دیگر مغربی ممالک میں سکھوں نے ہردیپ سنگھ قتل کیخلاف مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
مظاہرین نے حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت سے ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کردیں جبکہ کینیڈین سکھوں نے بھارتی ہائی کمشنر کو ملک بدر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔