امجد ایڈووکیٹ سے کوئی اختلاف نہیں، ملکر کام کریں گے، مہد ی شاہ


گلگت (پ ر) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے صدر پی پی پی گلگت بلتستان و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی ایڈوکیٹ امجد حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنرگلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی حالیہ دنوں صدر پاکستان آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس دوران گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کو باضابطہ طور پر گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔ گورنر گلگت بلتستان نے صدر پی پی پی گلگت بلتستان کو کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کے گلگت بلتستان دورے کے دوران علاقے کی تعمیر و ترقی، وفاقی میگا منصوبوں اور دیگر ضروریات و مسائل سے آگاہ کیا جائے گا۔صدر پاکستان کے دورے کوکامیاب بنانے کے لیئے گورنر گلگت بلتستان نے صدر پی پی پی کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی لیڈران سے مشاورت کے بعد ضروری اقدامات کریں۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے صدر پی پی پی گلگت بلتستان ایڈوکیٹ امجد حسین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور امجد حسین ایڈوکیٹ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیئے مل کر کام کریں گے۔