فائبر ٹوہوم سروس شروع ایک کنکشن میں فون انٹرنیٹ ایچ ڈی ٹی وی کی سہولیات

 سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) نے اپنے صارفین کو جدید انداز میں سٹیٹ اف دی آرٹ طرز پر سروسز کی فراہمی کے وعدے کو پائیہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن کے جدید ترین منصوبے فائبر ٹو ہوم (ایس سی او ٹرپل پلے سروس) کا آغاز کردیا ہے۔سیکٹر کمانڈر SCO گلگت بلتستان کرنل عمران منصور نے سینئر صحافیوں کو دی گئی بریفنگ میں غیر معمولی اہمیت کے حامل اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایس سی او نے گلگت بلتستان کے اپنے صارفین کے لئے FTH کے نام سے ایک اہم منصوبہ جی بی کے چار بڑے شہروں کے لیے شروع کیا تھا جس کی تکمیل کے بعد ابتدائی طور پر پائلٹ پروجیکٹ کی شکل میں 10 جون سے گلگت شہر کے صارفین کو کنکشنز کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔اس کے بعد بالترتیب کریم آباد ھنزمہ،کچورہ(شنگریلا) سکردو اور بعدمیں چلاس میں بھی کنکشنز کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔سیکٹر کمانڈر ایس سی او نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے صارف کو ایک ہی آپٹک فائبر کیبل (OFC) کے ذریعے ٹیلی فون تیز ترین انٹرنیٹ اور ایچ ڈی ٹی وی کی سہولیات ایک ہی کنیکشن میں میسر آئیں گی۔ایک سوال کے جواب میں کرنل عمران منصور نے کہا کہ ایس سی او ٹرپل پلے سروس کی خاص بات یہ ہے کہ اس سروس کے ماہانہ پیکیجز کا تعین صارفین کو بجٹ اور خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ ہر صارف کو اپنی سہولت کے حصول میں آسانیاں میسر ہوں۔انھوں نے کہا کہ FTH کی سروس میں ابتدائی طور پر تین پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں۔ جس کے مطابق پہلا پیکیج 10MB انٹرنیٹ ڈیٹا کے ساتھ ٹی وی اور ٹیلیفون کی سہولت پر مشتمل ہے جس کی ماہانہ فیس مبلغ /2000 روپے مقرر ہے۔اسی طرح دوسرا پیکیج 15MB ڈیٹا سپیڈ کے ساتھ ماہانہ 2500 روپے پر دستیاب ہے.جبکہ ایک اور پیکیج جو خاص طور پر کمرشل (corporate) صارفین کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے 25MB ہائی سپیڈ انٹرنیٹ ڈیٹا کے ساتھ دستیاب ہے اور اس کی ماہانہ فیس /5000 ہزار روپے مقرر ہے.سیکٹر کمانڈر نے بتایا کہ فائبر ٹو ہوم سروس استعمال کرنے والے عام صارف کے بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں جس کے تحت وہ انٹرنیٹ اور ایج ڈی ٹی وی ڈیوائس کی قیمت یکمشت ادا کرنے کی بجائے صارف دو سال کی مدت میں ماہانہ قسطوں کی شکل میں بھی رقم کی ادائیگی کرسکتا ہے۔کرنل سیکٹر کمانڈر ایس سی او نے کہا کہ فائبر ٹو ہوم کنکشنز کے حصول کے لیے SCO گلگت کے فرنچائز آو¿ٹ لیٹس اور ایس سی او کسٹمر کیئر سینٹرز پر کنکشنز رجسٹریشن فارم کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حال ہی میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے دورہ گلگت کے موقع پر SCO ٹرپل پلے سروس پروجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا۔ کرنل عمران منصور نے بتایا کہ اس سروس کو دوسرے مرحلے میں ترجیحی بنیادوں پر GB کے دیگر اضلاع اور علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔