چلاس(پ،ر)واپڈا، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے کیڈٹ کالج تربیلا میں کلاس ہشتم میں اسکالرشپ پر داخلے کے لیے دیامر کے منتخب 10 طلبا کی داخلہ اور دیگر تعلیمی اخراجات ادا کردیے ہیں۔ ترجمان دیامر بھاشا ڈیم کے مطابق واپڈا نے دیامر کے منتخب طلبا کی داخلہ اور پہلے تعلیمی سال کی ٹیوشن فیس، بورڈنگ، لاجنگ اور دیگر ضروری تعلیمی سہولیات پر مشتمل فیس ادا کی ہے۔ جس کی مجموعی رقم 60 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ واضح رہے کہ دیامر کے طلبا کیلیے اسکالرشپ پر یہ نشستیں چیئرمین واپڈا، انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)کی خصوصی ہدایت پر کیڈٹ کالج تربیلا میں مختص کی گئی تھیں۔ کلاس ہشتم میں 10 نشستوں پر طلبا کا انتخاب واپڈا کیڈٹ کالج تربیلا نے ٹیسٹ اور انٹرویو کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر کیا ہے۔کیڈٹ کالج تربیلا میں ان طلبا کیلئے کلاسز کا باقاعدہ آغاز 12 اپریل سے ہوگا۔واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ایریا، خصوصا دیامر میں تعلیم کے فروغ کیلیے سب سے پہلے اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان میں چلاس میں کیڈٹ کالج کا قیام، تھور میں آرمی پبلک اسکول، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری طلبا کے لیے کیپس ٹیوشن سینٹرز اور داریل و تانگیر میں سرکاری ہائی اسکولوں کی اپ گریڈیشن جیسے منصوبے شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق علاقے میں تعلیمی سہولیات کے فروغ کے لیے ریزروائر ایریا کیآنے والے سرکاری اسکولوں کی تعمیر سمیت دیگر متعدد منصوبوں پر بھی پیش رفت جاری ہے۔
