Image

حکومت طلبہ کو کتب کی فراہمی یقینی بنائے، حفیظ الرحمن


سابق وزیراعلیٰ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ایک بیان میں کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق صوبائی حکومت کی طرف سے تعلیمی اداروں میں میٹرک تک مفت کتابیں فراہم کی جاتی تھیں اب نئے پاکستان والوں نے نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے بعد سے اب تک تعلیمی اداروں میں کتابیں مہیا نہیں کی ہیں جس کی وجہ سے طلباءکا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے اور والدین پریشان ہیں۔ صوبائی حکومت جلد کتب کی فراہمی یقینی بنائے۔انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت تعلیم کے شعبے کیلئے کروڑوں روپے بجٹ رکھنے کی دعویدارہے مگر عملی طور پر کوئی کام نظر نہیں آرہا ہے جوکہ شعبہ تعلیم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کو فعال بنانے اور مستحق طلباءکی حوصلہ افزائی کیلئے انڈومنٹ فنڈز کا اجراءکیا تھا اور 70 کروڑ سے زائد رقم اس مد میں موجودہ حکومت کیلئے چھوڑکر گئے تھے اس کے باوجود سلیکٹڈ صوبائی حکومت نے اس اہم منصوبے کو نظر انداز کیا اور انڈومنٹ فنڈز میں اضافے کے بجائے ہمارے دور کے چھوڑے گئے پیسے خرچ نہ کرسکی۔ہم صوبائی حکومت کو گلگت بلتستان کے طلباء کے مستقبل سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے