کیڈٹ کالج سکردو میں سکواش کمپلیکس کا افتتاح

جان شیر خان نے کیڈٹ کالج سکردو میں بین الاقوامی معیار پرتعمیر کیے گے سکواش کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس سکواش کورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن اور تعمیر کیا گیا ہے۔ تعمیراتی منصوبے کے اخراجات پاک فوج نے ادا کیے ہیں۔ سکواش کے سابقہ عالمی چیمپئن اور پاکستانی ہیرو جان شیر خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جان شیر خان نے سکواش کمپلیس کا افتتاح کیا اور نمائشی میچ بھی کھیلا۔ اس موقعے پر انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، کامیابی کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔ ہم نے ایک عرصے تک سکواش میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور آج ہمیں سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے۔کیڈٹ کالج سکردو میں سکواش کمپلیکس کا قیام  طلبہ کا دیرینہ خواب تھاجو آج پورا ہوا۔ اس موقع پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان ، علماء کرام ، عمائدین، ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور سینئر سول اور عسکری عہدیدار بھی موجود تھے۔بعدازاں فورس کمانڈر نے عمائدین، شہریوں، علماء کرام اور صحافیوں سے ملاقات کی۔