ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے دو میں دو ہائر سیکنڈری سکول قائم کرنے کی حامی بھرلی،گورنر

سکردو (رضا قصیر) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہاہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے میری طرف سے بات کرنے پر سکردو میں دو ہائر سیکنڈری سکول قائم کرنے کی حامی بھری ہے، جس میں سے ایک لڑکوں اور ایک لڑکیوں کیلئے ہے، ہائر ایجوکیشن نے 16 کروڑ روپے بھی ڈپٹی کمشنر سکردو کے اکاونٹ میں بھیج دیتے ہیں لیکن ہمارے ڈپٹی کمشنرز کو عوامی پیسے اس پراجیکٹ پر خرچ کرنے کیلئے نکالنے میں بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسوہ پبلک سکول اینڈکالج سکردو میں منعقدہ محسن ملت ایجوکیشنل ایکسپو کے موقع پر طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم تعلیم پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں محسن ملت شیخ محسن علی نجفی حقیقی محسن ملت ہیں اگر وہ مساجد اور امام بارگاہوں کی تعمیر کی طرف توجہ دیتے تو ہمارے قوم کے معماروں کی بڑی تعداد اس وقت اچھے تعلیم یافتہ نہ ہوتی اوراتنی بڑی تعداد طلبہ کی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی، اسوہ پبلک سکول ہماری قوم کا اثاثہ ہے، ہم سب کو ملکر اس کی آبیاری کرنا ہوگی میں نے شیخ محسن علی نجفی کو صدارتی ایوارڈ کیلئے نام تجویز کیا ہے جلد شیخ محسن علی نجفی کو تعلیم کے فروغ پر صدارتی ایوارڈ سے نوازا جائے گا صدارتی ایوارڈ ان کی خدمات کے سامنے کوئی چیز نہیں ہے لیکن ایک اعزاز ضرور ہے، گورنر گلگت بلتستان شیخ محسن علی نجفی کو یاد کر کے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بچوں کو تعلیم کی تمام تر سہولیات فراہم کریں، میں نے ہائیر ایجوکیشن کے ذمہ داران سے بات کر کے سکردو میں طلبا وطالبات کیلئے الگ الگ ہائیر سکینڈری سکول کے لئے کہا ہے جس پر انہوں نے 16کروڑ روپے ڈپٹی کمشنر سکردو کے اکائونٹ میں ڈالے ہیںلیکن ہماری ضلعی انتظامیہ کے ذمہ دران عوامی مفادات کے منصوبوں کی رقم اپنے اکائونٹ سے نکالنے میں بڑی تکلیف محسوس کرتے ہیں اس موقع پر قائد حزب اختلاف کاظم میثم ، وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہاکہ ہمارے بچوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے، مواقع میسر آجائیں تو کچھ بھی کرسکتے ہیں آج کے اس ایجوکیشنل ایکسپو میں بچوں کے بنائے ہوئے پراجیکٹ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہمارا مستقبل تابناک ہے،ہمارے مستقبل کے معمار ملکی بلکہ بیرون ملک میں بھی ملک اور قوم کا نام روشن کریں گے دریں اثنا گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، اپوزیشن لیڈر کاطم میثم، وزیر تعلیم شہزاد آغا، کمانڈر 62 بریگیڈ سمیت دیگر اہم سیاسی ، سماجی شخصیات نے محسن ملت ایجوکیشنل ایکسپو میں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور بچوں کی بنائی گئی چیزیں دیکھیں اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی، پرنسپل اسوہ پبلک سکول اینڈ کالج سکردو وزیر افتخار علی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سکول کی طرف سے شیلڈز پیش کیں۔