وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے ملک بھر کے 446 یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کردیا جبکہ مزید 500 سے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز بندکرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈی ختم ہونے سے ملک بھر میں 446 یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کردیا گیا ہے جب کہ مزید 500 سے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز کو بھی بند کرنے کا پلان ہے۔ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ اسٹورز کی بندش کے باوجود کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا، جن اسٹورز کی آمدنی کم اور نقصان زیادہ تھا ان کو بند کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک کے دیہی علاقوں میں قائم زیادہ تر یوٹیلیٹی اسٹورز بندش کی زد میں آئے ہیں۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے اس سال اگست میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے سبسڈی بند کردی تھی، وفاقی حکومت چینی، آٹا اور گھی سمیت 5 بنیادی اشیا پر سبسڈی دے رہی تھی۔یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ایک سرکاری ادارہ ہے جس کی بنیاد 1971 میں رکھی گئی تھی اور اس کے تحت ملک بھر میں 4 ہزار اسٹورز چلائے جاتے ہیں جس کا مقصد عوام کو رعایتی نرخوں پر ضروری اشیا فراہم کرنا ہے۔