گلگت بلتستان کی قومی اسمبلی میں10نشستیں ہونی چاہئیں،مصطفی کمال

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیا جائے اور قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ گلگت بلتستان کی نشستوں کی تعداد 10 کی جائیں نیز ایوان بالا سینیٹ میں بھی دیگر صوبوں کے برابر نشستیں دی جائیں۔ وہ منگل کو گلگت بلتستان کے زمہ داران سے ٹیلیفونک خطاب کررہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام ہمیشہ سے ریاست پاکستان کے وفادار ہیں اور ہر مشکل وقت میں وطن عزیز کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔ گلگت بلتستان کے عوام کی ملک خداداد کیلئے لازوال قربانیاں ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی اپنے قیام کے روز سے گلگت بلتستان کی عوام کو قومی دھارے میں لا کر یکساں آئینی حقوق دینے کا مطالبہ کرتی آئی ہے۔ گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ ہے اور وہاں کی عوام پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی گلگت بلتستان کی عوام کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی ہر محاذ پر جنگ لڑے گی اور قومی و عالمی سطح پر ہر پلیٹ فارم تک عوام کی آواز پہنچائے گی۔