34

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری، متعدد مظاہرین گرفتار

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ جہاں شدت آ رہی ہے وہیں مظاہرین نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے مستعفی ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف اسرائیل کے مختلف علاقوں میں کورونا کے پھیلاو اور لاک ڈاون کے دوران زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مقبوضہ فلسطین کے باشندوں نے سکیورٹی کے سخت حصار کے باوجود مظاہروں میں شرکت کی اور صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کے استعفے کا مطالبہ کیا اور ڈیموکریسی یا انقلاب اور نیتن یاہو کے استعفے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جیسے نعرے لگائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے نیتن یاہو کے گھر کی جانب جانے والے راستوں کو بند کرکے 8 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ۔ اسرائیل کے زیر قبضہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں گزشتہ کئی مہینے سے نیتن یاہو کی اقتصادی پالیسیوں، مالی بدعنوانیوں اور کورونا کی روک تھام میں ان کی ناقص کارکردگی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں ۔ مظاہرین، کورونا کے معاملے میں نتن یاہو کی کابینہ کی کمزور کارکردگی پر احتجاج کر رہے ہیں اور ان کی اور ان کی اہلیہ کی مالی بندعنوانی کے باعث جلد سے جلد ان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔