شرپسندعناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے،سعدیہ دانش

اسلام آباد،پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سیکریٹری اطلاعات اور ممبر جی بی اسمبلی سعدیہ دانش نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم اس وقت ملک کے محافظوں اور شہداءکے ساتھ کھڑی ہے۔ملک کے محافظوں نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرکے، اپنے بچوں کو یتیم کرکے قوم کے لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد شہداءکی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، ا±ن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی پرفرض ہے۔کسی کو بھی شہداءکی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ سیکریٹری اطلاعات پی پی پی و ممبر جی بی اسمبلی کا مذیدکہنا تھا کہ 9 مئی جیسے واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں، ایسے پر تشدد واقعات میں ملوث عناصر کو ہر صورت جوابدہ بنایا جائے۔ان مظاہروں کے دوران نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے مذید کہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں اور آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے بہادر شہداءکو کبھی نہیں بھولیں گے جن کی وجہ سے اس ملک کا وقار بلند ہے ان کی عزت و تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے اور قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔