گلگت، معاون خصوصی اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ کومحکمہ اطلاعات گلگت بلتستان میں محکمانہ بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان شمس الرحمٰن قریشی نے محکمے کے اہداف، چیلنجز اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا کہ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2023 کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے احکامات کے مطابق حتمی شکل دے دی جائے گی اور حکومت ڈیجیٹل میڈیا پالیسی بنانے کے حوالے سے بھی سنجیدگی سے سوچ رہی ہے اور جلد اس حوالے سے مشاورت کے بعد کوئی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ ادارے میں میرٹ اور نظم و ضبط پرکسی کے ساتھ کمپرومائز نہیں کیا جائے گا اور جزا و سزا کے نظام کو رائج کیا جائے گا تاکہ روز مرہ کے امور کی انجام دہی میں بہتری آسکے۔ صوبائی حکومت کو مسائل کا ادراک ہے، ملازمین کے جملہ مسائل کے پائیدار حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے استعداد کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں اصول،انصاف اور میرٹ کے ساتھ امور انجام دیئے جارہے ہیں اور نظام میں مزید بہتری لائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملازمین اور آفیسران کے لیئے تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر دفتری معاملات چلائے جاسکیں۔انہوں نے مذید کہا کہ یہ میرا واضح پیغام ہے کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے مرتکب عملے کو نہیں بخشا جائے گا۔محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ ہے،نظام کی درستگی کیلئے جلد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت آزاد صحافت پر یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے سنجیدہ اقدامات بھی کررہی۔