سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کریگا، تعاون کے پانچ معاہدے،سرمایہ کاری کیلئے سپریم تعاون کونسل قائم

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتوں میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور متعدد باہمی معاہدوں سمیت مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے،سعودی ولی عہد کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے  درکار10ملین افرادی قوت میں سے مطلوبہ ورک فورس کازیادہ حصہ پاکستان سے لیاجائیگا،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کااعلامیہ جاری کردیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں ، جس میں دوطرفہ،علاقائی اوربین الاقوامی امورپرتفصیلی بات چیت کی گئی اور دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ  تعلقات کی مزیدمضبوطی پراتفاق کیا اور تمام شعبوں میں پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا،وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک تمنائوں کااظہار کرتے ہوئے سعودی ولی عہدکیجانب سے سعودی عرب کے دورے کی دعوت پر اظہار تشکر کیا ، ملاقات میں مضبوط اور تاریخی تعلقات،مشترکہ عقائد،اقدار،باہمی اعتماد پر گفتگو ہوئی،اعلامیے  کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عوام کی طرف سے مقدس مقامات کی سرزمین سے خصوصی عقیدت کا اظہار کیا،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان سیاسی،معاشی،تجارتی،دفاعی،سیکیورٹی تعلقات کومزید مضبوط بنانے پراتفاق کرنے کے ساتھ ساتھ  پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر خصوصی زور دیا گیا، وزیراعظم نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کیلئے ملازمت کے  مواقع بڑھانے پر زوردیتے ہوئے گرین سعودی عرب اورگرین مشرق وسطی کے اقدامات کوسراہا جبکہ ولی عہدکے ویژن اور 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،اعلامیے   میں کہا ہے کہ دونوں رہنمائوں میں انسانی وسائل شعبے میں زیادہ سے زیادہ باہمی فائدہ اٹھانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے پاکستانیوں کی فلاح وبہبودکیلئے اقدامات پرسعودی قیادت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے ولی عہد کے کردار کو بھی سراہا،دونوں رہنمائوں نے خطے کی ترقی کیلئے سی پیک پربھی بات چیت کی، وزیراعظم نے کہا سی پیک دوطرفہ تعاون کوبڑھانے میں اہم کرداراداکرے گا،اعلامیے  کے مطابق ملاقات کے بعدرہنمائوں نے معاہدوں پردستخط کی تقریب میں شرکت کی، جس میں سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے ،  کونسل وزیراعظم اورولی عہدکی زیرصدارت کام کریگی، کونسل تعلقات کی ترقی کواسٹریٹجک سمت فراہم کرنے کیلئے تیار کی گئی ہے جبکہ کونسل سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کرے گی، دونوں ممالک میں  قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے،دونوں ممالک میں ماحولیات کے شعبے میں تعاون کامعاہدہ طے پایا جبکہ جرائم کے خلاف دونوں ملکوں میں تعاون کے معاہدے سمیت توانائی منصوبوں کے حوالے سے فریم ورک ایگریمنٹ پر بھی دستخط کیے گئے،منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت اور ورکرزریکروٹمنٹ سمیت میڈیا کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے، دوران ملاقات وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کودورہ پاکستان کی دعوت دی۔