غزہ ، اسرائیل کا اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملہ، 2غیر ملکی اہلکار ہلاک

رفح میں اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا جو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایک یورپی اسپتال کی طرف جا رہی تھی۔عالمی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کو عملے کے ارکان نے اپنی نقل و حرکت سے متعلق آگاہ کر رکھا تھا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔دوسری جانب اسرائیل ڈیفنس فورسز کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہمیں گاڑی کے روٹ کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور کی ترجمان اولگا چیریونو کے مطابق 7اکتوبر سے جاری اسرائیل حماس جنگ کے دوران اب تک غزہ میں اقوام متحدہ کے 191کارکن مارے جا چکے ہیں جن میں تقریبا سبھی فلسطینی تھے۔تاہم اقوام متحدہ کے بین الاقوامی ہلاکتوں کا پہلا واقعہ ہے جس میں کوئی غیرملکی اہلکار ہلاک ہوا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے مزید بتایا کہ تازہ واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت 46سالہ بھارتی شخص وبھاو انیل کے نام سے ہوئی جو سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کے شعبہ میں کام کرتے تھے۔تاہم ابھی دوسرے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی جس کے بارے میں ابتدا میں کہا گیا تھا کہ وہ شدید زخمی ہیں تاہم دوران علاج وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے ترجمان ایوی ہیمن نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ امداد کی تقسیم کے لیے اقوام متحدہ کی رابطہ کاری کی تمام درخواستوں میں سے 87فیصد کو منظور کر لیا گیا لیکن سفری منظوری ہمیشہ امدادی اہلکاروں کے لیے محفوظ راستے کی ضمانت نہیں دیتی۔