غزہ،صیہونی فوج کے رات گئے پناہ گزین کیمپوں پر حملے، 22فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ میں مختلف پناہ گزین کیمپوں پر حملے کیے جن میں مزید 22فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق رات گئے قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کے خان یونس شہر اور رفح میں گھروں پر حملے کرکے خواتین اور بچوں سمیت 12افراد کو شہید کیا۔ رپورٹ کے مطابق خان یونس شہر کے مشرقی حصے میں صیہونی فوج نے پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 10افراد شہید ہوئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل فوج نے رفح شہر کے مختلف علاقوں پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاع ہے مگر ہلاکتوں کی ٹھیک تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ اسرائیل نے رات گئے ہی نصیرت اور البریج پناہ گزین کیمپوں پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں 10افراد شہید ہوئے۔ فلسطینی وزارت صحت کا بتاناہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 36ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 82ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔