گلگت بلتستان کی زمینوں اور ڈیم متاثرین کا معاملہ سینیٹ میں اٹھائیں گے، ایم ڈبلیو ایم

سکردو (محمد اسحاق جلال، لیاقت انجم، رضا قصیر) مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی چیئرمین وسینٹیر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اعلان کیا ہےکہ دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کا معاملہ سینٹ میں اٹھایا جائے گا اور وہ سینٹ میں متاثرین دیامر ڈیم کی آواز بنیں گے اور گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جنگ لڑیں گے زمینوں کا ایشو بھی مقتدر ایوان میں ڈسکس ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یادگار چوک پر عظمت شہدا و حمایت فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس کے مقررین اور شرکا نے گرین ٹورزم کمپنی کو مسترد کردیا اور زمینوں کے تحفظ کیلئے تن من دھن کی قربانی دینے کا اعلان کردیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شیعہ سنی نوربخشی اور اسماعیلی ایک ہیں ہمیں توڑنے کی بڑی سازشیں ہورہی ہیں ضمیر فروش کبھی علاقے کے وفادار نہیں ہوسکتے ہم گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ لڑیں گے 76 سال سے گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے اور یہاں کے حالات خراب کئے جارہے ہیں جی بی کے عوام کو ان کی زمینوں سے بے دخل کیا جارہا ہے یہاں کے عوام اپنی زمینوں پر نوکر بننے کیلئے قطعا تیار نہیں ہیں حقوق کی جتنی دیر سے لڑی جائے گی اتنی ہی زیادہ قیمت ادا کرنا پڑے گی ہم ظلم و زیادتی کے خلاف برسرپیکار ہیں یہ ظالم اور مظلوم کی لڑائی ہے اس میں فتح مظلوم و محکوم عوام کی ہوگی دنیا بدل رہی ہے ظالم جابر قوتیں زیر زمین جارہی ہیں فلسطینی مسلمانوں کی فتح کے دن قریب آگئے ہیں ہم باور کرانا چاہتے ہیں کہ یہ خطہ جیل ہے اور نہ ہی تم جیلر ہو یہاں طاقت کے زور پر بے گناہ لوگوں کو غائب کیا جارہا ہے ہمارے جگر کے کئی ٹکرے اس وقت لاپتہ ہیں انہوں نے کہاکہ یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہیں انہیں بے ہودہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں ذہنی اذیتیں پہنچائی جارہی ہیں انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضے ہورہے ہیں دریا کی تہہ سے لیکر پہاڑ کی چوٹی تک کی زمین عوام کی ملکیت ہے حقوق کی پامالی کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے ہم اپنے نمائندے خود منتخب کریں گے ہمیں اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے عوام کے حقوق پر شب خون مارنے والوں کو کبھی برداشت نہیں کریں گے یہاں کے جنگلات، معدنیات، جھیلوں اور دیگر وسائل پر قبضہ کیا جارہا ہے معدنیات تلاش کرنے والے مقامی لوگوں کو بارود لانے سے روکا جارہا ہے اور بڑے ٹیکنیکل طریقے سے یہاں کے عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکریٹری و نامور قانون دان ناصر شیرازی نے کہاکہ گلگت بلتستان میں گرین ٹورزم کے نام پر بلیک ٹورزم ہورہی ہے یہاں کے عوام گرین ٹورزم کو قطعا برداشت نہیں کریں گے گرین ٹورزم کمپنی کے ساتھ جو معاہدہ ہوا ہے وہ جعلی ہے اس کی کوئی قانونی اخلاقی اور آئینی حیثیت نہیں ہے گلگت بلتستان کے عوام حقوق سے محروم ہیں یہ لوگ پرامن جدوجہد کررہے ہیں خدا را پرامن جدوجہد کے راستے بند نہ کئے جائیں پرامن جدوجہد کے راستے بند کروگے تو مسائل بڑھیں گے عوامی سیلاب آئے گا جسے کوئی روک نہیں سکے گا مسائل مقامی سطح پر حل نہ کئے گئے تو قومی اسمبلی اور سینٹ میں ان مسائل کے خلاف احتجاج ہوگا پارلیمنٹ میں تحریک اٹھے گی پھر صورت حال سنگین ہوگی جب حقوق دینے کی بات ہوتی تو کہا جاتا ہے کہ گلگت بلتستان متنازعہ علاقہ ہے مگر وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے کسی قانون قاعدے کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے کیا گلگت بلتستان کی ٹورزم ہائبرڈ ٹورزم ہے کہ اس کو گرین کیا جائے گرین کے نام پر بلیک ٹورزم کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی یہاں کی زمینوں کا قضیہ ہر فورم پر اٹھائیں گے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر سید علی رضوی نے کہاہےکہ گلگت بلتستان کی زمینوں پر گرین ٹورزم کے نام پر گرین ٹیررزم ہورہی ہے اپنی زمینوں پر ڈرون حملہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے زمینوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا گھیرا تنگ کریں گے ہم دبنے اور جھکنے والے نہیں ہیں ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے گا ہمیں نے دو ٹوک کہہ دیا ہے کہ ہمیں گرین ٹورزم ہرگز قبول نہیں ہے یہ نامنظور تھا ہے اور نامنظور ہی رہے گا پوری قوم اس نام نہاد کمپنی کو مسترد کر چکی ہے شیخ نئیر عباس مصطفوی نے کہاہےکہ گلگت بلتستان کے حقوق پر شب خون مارنے والے جان لیں کہ ہم متحد ہوچکے ہیں اب کوئی طاقت یہاں کی زمینوں پر قبضہ نہیں کرسکے گی کسی نے شرارت کی تو پورا خطہ اٹھے گا پھر ایسا طوفان آئے گا کہ کوئی بھی اس کو روک نہیں سکے گا علامہ مرزا یوسف حسین نے کہاہےکہ ملک کو بچانا ہے تو عمران خان شیعہ سنی اتحاد کو بچانا ہے تو علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور اگر گلگت بلتستان کی زمینوں کو بچانا ہے تو آغا سید علی رضوی کا ساتھ دینا ہوگا یہاں بڑے خطرناک طریقے سے لوگوں کی زمینوں پر قبضے کی سازشیں ہورہی ہیں عوام سازش کرنے والوں کے ہاتھ روکیں گے۔