خیبر پخونخوا حکومت نے دور دراز کے اضلاع میں قائم اسکولوں میں دوسری شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بچوں کی تعليم کیلئے رواں سال اگست سے دوردراز اضلاع کے اسکولوں میں سیکنڈ شفٹ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا منصوبے سے متعلق کہنا تھا کہ سیکنڈ شفٹ میں دور افتادہ اضلاع کو ترجيح دی جائے گی، جس کا مقصد ڈراپ آؤٹ ریشو کم کرنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیکنڈ شفٹ میں اسکولوں کو اَپ گریڈ کیا جائے گا۔ پرائمری میں مڈل، مڈل میں ہائی اور ہائی میں سیکنڈری تعلیم دی جائے گی۔ سیکنڈ شفٹ کيلئے نئے اساتذہ بھرتی کيے جائیں گے۔
وزیر تعلیم کے پی کے مطابق پرائمری اسکول ٹیچرز کو 12، مڈل اسکول ٹیچرز کو 15 ہائی اسکول ٹیچرز کو18 ہزار معاوضہ دیا جائیگا۔ ہائر سیکنڈری اسکول ٹیچرز کو 20 ہزار اور کلیریکل اسٹاف کو 7 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائیگا۔
شہرام ترکئی کا مزید کہنا تھا کہ سیکنڈ شفٹ اسکول کے اوقات کار نارمل اسکول چھٹی کے بعد شروع ہوں گے۔