نوجوانوں کا جھکائو پی ٹی آئی کی طرف، وفاق مداخلت نہ کرے تو آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی، وزیرخزانہ

 گلگت( محمدایوب)صوبائی وزیر خزانہ انجینئر اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دوران سروس وفات پانے والے 500 ملازمین کے ورثا کو ڈیڑھ ارب روپے ادا کررہی ہے۔ رواں سال 2015 سے 2019 تک وفات پانے والے ملازمین کے خاندانوں کو ادائیگی کی جائے گی جبکہ ائندہ سال کے لئے بجٹ میں یہ رقم ڈیڑھ ارب سے بڑھا کر دو ارب روپے کردئیے جائیں گے۔ڈیلی کے ٹو سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ گریڈ 1 سے 8 تک 20 لاکھ ،گریڈ 9 سے 16 تک 60 لاکھ اور گریڈ 16 سے اوپر 70 لاکھ فی خاندان ادا کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے گزشتہ بجٹ میں محکمہ صحت کے پیرامیڈیکل سٹاف کے سروس سٹرکچر کے لئے بھی 45 کروڈ روپے مختص کیا ہے۔ صوبائی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے گلگت بلتستان میں آیندہ حکومت بنانے کے حوالے سے اپنے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وفاق گلگت بلتستان کے انتخابات میں مداخلت نہ کرے تو ہمیں یقین ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن 2020 میں تحریک انصاف سے زیادہ ووٹ پیپلز پارٹی کو ملے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کا حامی نہیں ہوں۔ آج کے نوجوانوں کا زیادہ جھکاو تحریک انصاف کی طرف ہے، اگر ان کو دبانے کی کوشش کی گئی تو یہ مزید بڑھے گی۔ تاہم ریاست پہلے اور سیاست دوسرے نمبر پر ہونی چاہئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مزاحمتی سیاست پر یقین رکھتی ہے لیکن ریاست سیاست سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بڑی سیاسی شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہورہی ہیں جس میں سید مہدی شاہ، امجد ایڈووکیٹ مجھ سمیت دیگر تمام رہنمائوں کی کوششیں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت شہر میں لوڈشیڈنگ پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ نلتر 16 میگاواٹ کو دسمبر کے آخر تک سسٹم میں شامل کیاجائے ۔