Image

مفت لنچ سروس کا دائرہ تمام اضلاع کے پرائمری سکول تک بڑھانے کا فیصلہ

وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی ہدایات کی روشنی میں حکومت ِ گلگت بلتستان کی جانب سے شروع کیا جانے والا یہ منفرد منصوبہ پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کا اولین منصوبہ ہے جس کے تحت 25 جون 2022سے تمام سرکاری پرائمری سکولوں میں بچوں کو مفت لنچ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ موسم گرما کی تعطیلات کے فوری بعد اس سہولت کا دائرہ کار پورے گلگت بلتستان کے سرکاری اسکولوں تک پھیلایا جائے گا۔ حکومت گلگت بلتستان اس مہم کے تحت ہفتے کے چھ دن غذایت سے بھرپور خوراک پرائمری سکولز میں زیر تعلیم بچوں کو فراہم کرے گی۔ معیاری اور صحت بخش خوراک کی تیاری اور فراہمی کے لئے مقامی کھانوں کو بھی ترجیح دی جائے گی جس کے ذائقے سے مقامی بچے پہلے سے ہی آشنا ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ اس سلسلے میں مقامی انڈسٹری سے بھی مدد لی جائے گی۔ اس پروگرام کے حوالے سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے کہا کہ صحت بخش خوراک کی فراہمی کا مقصد نئی نسل خصوصاً سکول جانے والے بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھنا ہے تاکہ یہ بچے متوازن غذا کھا کر بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں، اور معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں۔ اس سلسلے میں وقتاً فوقتاً طلبا کی طبی جانچ بھی کی جائے گی جس کی مدد سے ان کے جسمانی وزن، بینائی اور دیگر طبی عوامل کا جائزہ لیا جائے گا، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ سکولوں میں معیاری غذا کی فراہمی کے زریعے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسی نوجوان نسل تیار ہو جو کہ صحت مند ، جسمانی و ذہنی طور پر توانا ہو تاکہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے بہم تیار ہوں ، صحت مند بچے ہی ہمارے محفوظ اور خوشحال ملک کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ اس خطے کے طلباءکو ہر شعبہ ہائے زندگی میں جھنڈے گاڑنے کے لئے تیار کیا جائے گا، حکومتی سرپرستی میں شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔